لیہ (صبح پا کستان) میونسپل کمیٹی لیہ نے 22کروڑ 71لاکھ 71ہزار روپے مالیت کا سالانہ بجٹ جس میں 2کروڑ 50لاکھ روپے ترقیاتی پروگرام کے لیے مختص کیے گئے ہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا جس میں اخراجات کا تخمینہ 21کروڑ 50لاکھ 6ہزار روپے لگایا گیا ہے۔بجٹ چیئرمین میونسپل کمیٹی لیہ حافظ محمد جمیل نے پیش کیا جبکہ صدارت وائس چیئرمین سید گلزار حسین بخاری ایڈووکیٹ نے کی۔حافظ محمد جمیل نے بجٹ 2017-18پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں تما م ترجیحات عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو مکمل کرنے بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی اور تمام اراکین کی باہمی مشاورت و معاونت سے ترقیاتی منصوبوں کو تجویز کرتے ہوئے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچا کر شہریوں کو صاف ستھر ا ماحول فراہم کرنا ہے۔بجٹ کے خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کو افرادی قوت کی کمی کے باوجود بھی بھر پور کوششوں سے بہتر بجٹ تجاویز دی گئیں ہیں جن کے مطابق میونسپل کمیٹی کے لوکل فنڈ ز سے آمد ن کا ہدف 1کروڑ 53لاکھ 32ہزار رو پے تھا جبکہ بہتر حکمت عملی کے ذریعے وصولی 1کروڑ 58لاکھ 29ہزار روپے کی گئی جو میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کی کاوش کا حامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کو حکومت پنجاب کی جانب سے پی ایف سی گرانٹ سے 13کروڑ 13لاکھ روپے اور ترقیاتی گرانٹ 1کروڑ 53لاکھ 45ہزار روپے ماہانہ اقساط کی صورت میں ملیں گی ۔لوکل ٹیکسزو یگر مدات سے 4کروڑ 30لاکھ روپے کی آمد ن متوقع ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 13کروڑ 76لاکھ 81ہزار وپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔سائل اخراجا ت کے لیے 4کروڑ 40لاکھ روپے جبکہ صحت وصفائی ،ٹریکٹرخریدنے، مشینری مرمت و ڈسپوزل ورکس مرمت کے لیے 1کروڑ59لاکھ روپے ،بحالی و بہتر ی سٹریٹ لائٹس ،واٹر سپلائی اور نئے ڈسپوزل ورکس کے لیے 1کروڑ 43لاکھ روپے ،قومی تہواروں کو بھر پور انداز میں منانے و سپورٹس اور ثقافتی پروگرامز کے فروغ کے لیے 24لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے ترقیاتی اخراجات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ لیہ شہر کے عوام کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے 3کروڑ 26لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں اور امید ہے کہ ایوان کی تائید حمایت ،باہمی مشاور ت و رہنمائی سے لیہ شہر کی ترقی ،خوشحالی اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اجلاس میں ممبرملک عبدالعزیز نے معیاری بجٹ بنانے پر چیئر مین کو مبارک باد دی ۔عابد انوار علوی نے بائی لاز کی پابندی کرنے اور اظہر خان چانڈیہ نے پنشنرز کے لیے رقم مختص کرنے کی تجویز پیش کی۔اجلاس میں ممبران میونسپل کمیٹی ،سی او ایم سی اللہ نواز خان گشکوری ،ملک غلام رسول کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی ۔