لیہ (صبح پا کستان)وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف بہت جلد لیہ تونسہ پل کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ویرا سٹیڈیم میں عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔یہ بات ممبرقومی اسمبلی سید ثقلین شاہ بخاری نے سمرا نشیب میں لیہ تونسہ پل کی مجوزہ سائیٹ کے معائنہ کے موقع پر عمائدین علاقہ سے گفتگوکرتے ہوے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ ،اے ڈی سی ریونیو نعیم اللہ بھٹی،چوہدری عاشق حسین ،اظہر خان،اسلم لیل،کوڑو خان مگسی، زمان خان مگسی،منظور میرانی اوراین ایچ اے حکام بھی موجود تھے۔ایم این اے نے کہا کہ لیہ تونسہ پل مواصلات کا جدید شاہکار ہو گا اور اس سے تونسہ شریف ، ڈیرہ غازی خان،ڈیر ہ اسماعیل خان اور بلوچستان تک کا فاصلہ کم ہوگا اور بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ لیہ تونسہ پل وزیر اعظم کی طرف سے صوبہ پنجاب ،کے پی کے اور بلوچستان کے لیے مشترکہ تحفہ ثابت ہوگاجس سے نہ صرف بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا بلکہ تجارت بھی پروان چڑھے گی اور علاقہ میں خوشحالی آئے گی۔