لیہ(صبح پا کستان)یوم آزادی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پبلک سکول گرلز ونگ کے سبزہ زار میں منعقد ہوگی ۔جس میں صبح 8:58منٹ پر سائرن بجایا جائے گا اور ٹریفک ساکت رہے گی ۔اس موقع پرپرچم کشائی ،قومی ترانہ ،مارچ پاسٹ ،پولیس بینڈ کا شاندار مظاہرہ ،تلاوت ،نعت خوانی ،ملی نغمے ،تقاریر ،ٹیبلوز اورانعامات تقسیم کیے جائیں گے۔یوم آزادی کے دن سرکاری عمارات پر قومی پرچم لہرایاگیا ہے اور شہرکوقومی پرچموں ،پینا فلیکس ،برقی قمقموں ،لائٹس کے ذریعے سجایا گیا ہے۔
جشن آ زادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے عوام کی تفریح طبع کے لیے رنگارنگ پروگراموں اورکھیلوں کا سلسلہ جاری ہے۔عوام کی بھر پورتفریح کے لیے لیہ مائنر میں لب نیلم پل کے مقام پر کینال میلہ سجایا گیا ہے جس میں مزار قائد ،مینار پاکستان کے جگمگاتے خوبصورت ماڈلزرکھے گئے ہیں جبکہ صنعت زار و دیگر محکموں کے سٹالز کے علاوہ فوڈ سٹریٹ بھی قائم کی گئی ہے۔کینال میلہ 14اگست کی شام تک جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کینال میلہ میں خواتین اور بچوں کی شمولیت کے پیش نظر ٹریفک کی روانی اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے تاکہ عوام پرسکون ماحول میں جشن آزادی کی تقریبات سے لطف اندوز ہو سکیں۔