لیہ (صبح پا کستان)علاقائی تعمیر وترقی کا دارو مدار اعلی تعلیمی اداروں و جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مراکزصحت اور مواصلات کا بہتر نظام بنانے سے ہی ممکن ہوتا ہے اس لیے ان تین شعبوں میں گراں قدر و دور رس نتائج کے حامل ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اس بات کا عملی ثبوت ہے۔یہ بات صوبائی وزیر اقدامات براے قدرتی آفات مہر اعجازاحمد اچلانہ نے جمن شاہ میں فقیر والی تا یو سی جکھڑ روڈ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اجتماع سے ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری ،ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد ،سید افتخار حسین گیلانی ،مہر احمد حسن کلاسرہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لیہ کی تعمیروترقی کے لیے لانگ ٹرم و شارٹ ٹرم ترقیاتی منصوبوں کا اجراء پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور کی تکمیل کے لیے عملی پیش رفت ہے جن میں لیہ تونسہ پل ایسا میگا پراجیکٹ ضلع میں معاشی ترقی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔مہر اعجازاحمد اچلانہ نے کہا کہ ضلع لیہ میں اعلی تعلیم کے لیے یونیورسٹی کیمپس ،کالجز و سکولوں کا قیام ضلع کے ہونہار قابل و محنتی نوجوانوں کے لیے اپنے گھر میں ہی پی ایچ ڈی تک تعلیم کے حصول کا موجب بنتے ہوئے ان کے لیے بہتر روز گا ر و ہنر مند ہونے کا سبب بن رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے منفی اور انتقامی سیاست کا خاتمہ کرکے خدمت کے ذریعے انقلابی سیاست کا ڈو ل ڈالا ہے اور بلاامتیاز و بلاتفریق ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوامی خدمت کی ہے۔تقریب میں مہر غلام یاسین کلاسرہ ،اقبال کلاسرہ ،مہر فضل کلاسرہ،سید گلزار شاہ ،چوہدری جاوید ،مہر مقبول تھند،مہر سعید اچلانہ،عمران اچلانہ ومعززین علاقہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا معائنہ کیا اور ہدایات جاری کیں۔