لیہ(صبح پا کستان)ضلع لیہ میں جاری ہفتہ صحت کے دوران ٹی بی،ہیپاٹائٹس ،ملیریا،ایڈز و دیگر بیماریوں کی تشخیص کے لیے رجسٹر یشن کا عمل جاری ہے جس کے دوران 709افراد کا چیک اپ کر کے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔یہ بات سی ای اوصحت ڈاکٹر امیرعبداللہ سامٹیہ کو ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر بشیر احمد سمرا نے ہفتہ صحت کے کاونٹرز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی ۔سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے مختلف کاونٹرز کا معائنہ کیا اور ہفتہ صحت کے مقاصد کے حصول کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر خدمات سرانجام دینے کی ہدایت کی۔بعدازاں سی ای اوصحت نے ٹی ایچ ہسپتال چوبارہ ،کروڑ لعل عیسن کے کاونٹرز کا بھی معائنہ کیا۔جہاں ڈاکٹر افتخار و ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی نے ہفتہ صحت کے تحت کاونٹرز پر آنے والے افراد کی رجسٹریشن و لیبارٹری ٹیسٹوں کے بارے میں آگاہی دی۔اسی طرح ایڈوائزرٹو سی ایم پنجاب مرزامحمد حسن تالپورنے بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہفتہ صحت کی کارکردگی جائزہ لیا ۔اس موقع پر سی ای اوصحت ڈاکٹر امیرعبداللہ سامٹیہ نے بریفنگ دی اور چیئرمین ضلع کونسل ملک عمرعلی اولکھ نے بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہفتہ صحت کے تحت لیبارٹری ٹیسٹوں کے معائنہ کے لیے تمام کاونٹرز کا دورہ کیا اور تمام مراحل کا جائزہ لیا ۔اس موقع ایم ایس ڈاکٹربشیراحمدسمرا نے بریفنگ دی۔