لیہ (صبح پا کستان)حکومت پنجاب بیوہ خواتین کی فلاح و بہبود اورمعاشی خوشحالی کے مثالی منصوبہ پر کاربند ہے اور 29ہزار سے زائد بیوہ خواتین میں مویشیوں کی مفت تقسیم براہ راست امداد کے ذریعے روز گارفراہمی کی جانب عملی پیش رفت ہے ۔یہ بات صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ نے ضلع لیہ کی 2سو بیوگان میں گائیں اور بھینسیں تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن سواگ ،ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد ،سابق صوبائی وزیر و ضلعی صدر مسلم لیگ ن ملک احمد علی اولکھ ،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ملتان ڈاکٹر منصور احمد ،سابق ایم پی اے ملک عبدالشکور سواگ ،چوہدری اطہر مقبول ،یو سی چیئر مین مہر سعید احمد اچلانہ ،غلام مرتضی علوی ،عمران اچلانہ ودیگر موجو دتھے ۔تقریب میں لیہ و کروڑ کی مختلف یونین کونسلوں کی 2سو بیوگان و ان کے عزیز اقارب نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت جس طرح خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے دیگر منصوبوں پر عمل پیرا ہے اسی طرح مویشیوں کی مفت فراہمی کا پراجیکٹ یقینادور رس نتائج کا حامل اور دودھ و گوشت کی بہتر پیداوار کا ذریعہ اور فراہمی روزگار کا عملی نمونہ ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ 14کروڑ روپے کی لاگت سے ریسورس سنٹر بنایا جارہا ہے جس میں دیہی و شہری خواتین کو اپنی گھریلومصنوعات کی فروخت کے لیے ایک ہی چھت تلے مواقع میسر آئیں گے اور وہ ایسی تمام گھریلو مصنوعات جو ضلع میں تیارکی جارہی ہیں ا س ریسورس سنٹر کے ذریعے فروخت کر سکیں گی جو ان کے لیے ایک مرکز کی حیثیت رکھے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این ا ے صاحب زادہ فیض الحسن سواگ ،ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد نے کاشت کاروں کے لیے حکومتی فلاحی منصوبہ جا ت جن میں تھل کینال میں توسیع ،نشیبی علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے 50کروڑ روپے کی لاگت سے سپر بند کا منصوبہ ،ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت ،کھاد بیج ،زرعی آلات کی ارزاں نرخوں پر فراہمی ،بلاسود قرضے ایسے اقدامات سے آگا ہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منصور احمد نے منصوبے کی غرض و غایت ،میرٹ پر بیوگان کا انتخاب ،فراہم کردہ مویشیوں کی انشورنس او ر مفت ویکسی نیشن کی سہولت جبکہ اے ڈی ایل او ڈاکٹر محمد طارق نے ضلع لیہ میں 11سو بیوگان میں مرحلہ وار چھوٹے بڑے مویشیوں کی مفت تقسیم کے با رے میں آگہی دی ۔تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے بیوگان کے لیے گائے اور بھینسوں کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا ۔بعد ازاں صوبائی وزیر مہر اعجا زاحمد اچلانہ،ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن سواگ،سابق صوبائی وزیر ملک احمد علی اولکھ ،ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد،ڈاکٹر نور اکبر بخاری ،غلام مرتضی علوی ،مہر سعید احمد اچلانہ ،چوہدری اطہر مقبول نے بیوگان میں گائیں و بھینسیں تقسیم کیں۔تقریب میں ڈاکٹر عبدالصمد ،ڈاکٹر محمد گدارا ،ڈاکٹر شعیب رمضا ن کے علاوہ ویٹرنری افسران نے بھی شرکت کی۔