لیہ (صبح پا کستان)ووٹ قوم کی امانت ہے جس کے استعمال سے جمہوری نظام کو فروغ ملتا ہے اور قوموں کی ترقی میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے اس لیے اہل افراد ووٹ اندراج کویقینی بنا کر قومی فریضہ سرانجام دیں۔یہ بات ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لیہ ملک جاوید اقبال نے جی سی یونیورسٹی لاہور لیہ کیمپس میں منعقدہ ووٹر ٹرن آوٹ رجسٹریشن آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیمینار سے نزہت یاسمین ایڈووکیٹ ، عبدالمجیدمیرانی،یونس لغاری اور عارف لودھی نے بھی خطاب کیا ۔سیمینار میں نوجوانوں ،خواتین، سرکاری افسران ودیگر شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر و ضلعی ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے سربراہ ملک جاوید اقبال نے کہا کہ ووٹ کا اندراج حق راے دہی کے استعمال کرنے اور ٹر ن آوٹ بڑھانے کی جانب اہم جزو کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ ووٹ قومی امانت ہے جس کے استعمال سے ہی قوموں کی ترقی ،استحکام اور خوشحالی کو ممکن بنایا جاتا ہے اس لیے مرد وخواتین ووٹ کے اندراج کے لیے اپنا بھر پور و موثر کردار قومی جذبہ سے سرشار ہو کر سر انجام دیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں شعور و آگہی کے لیے ڈسٹر کٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی سر گرم عمل ہے اور یونین کونسل کی سطح تک آگاہی کے لیے معاشرے کے نمائندہ افراد ،غیر سرکاری تنظیموں ،سول سائٹی کے تعاون سے منظم پروگرام تشکیل دیا جارہا ہے۔بعدازاں سماجی شعور کی بیدار ی کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جاویداقبال ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نثاراحمد خان،ممبرضلع کونسل ملک یونس حسین کنجال ،سی ڈی سی آفیسر غلام شبیرکی قیاد ت میں ریلی نکالی گئی۔