لیہ(صبح پا کستان) ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم کی ناقص حکمت عملی، ضلع بھر سے آئی خواتین ایجوکیٹرز ذلیل و خوار، روزہ کے ساتھ دن بھر انتظار کے باوجود پراسس نامکمل، ریکروٹمنٹ کمیٹی افرادی قوت کی کمی کا شکار، ہزاروں کی تعداد کیلئے ایک ہی کاؤنٹر ناکافی سہولیات ، محکمہ تعلیم کا خواتین کیساتھ گھناؤنا مذاق، انتظامیہ دن بھر انتظار کے بعد پراسس موخر کرنے کا اعلان، خواتین ایجوکیٹرز والدین کا انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، شدید نعرے بازی، اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا مطالب، تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ و محکمہ تعلیم کی جانب سے نئی ایجوکیٹرز کی بھرتی کیلئے من پسند سکولوں کی چوائس دی گئی جس کے تحت ریکروٹمنٹ کمیٹی کی جانب سے گرلز ماڈل ہائی سکول لیہ میں کیمپ لگایا گیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں خواتین ایجوکیٹرز کو صبح آٹھ بجے بلوا لیا گیا مگر کمیٹی کی جانب سے ناقص حکمت عملی و انتظامات نہ ہونے ، ریکروٹمنٹ کیلئے عملہ کی شدید کمی کی وجہ سے خواتین ایجوکیٹرز ذلیل و خوار ہوتی رہیں۔ روزہ کے ساتھ دن بھر انتظار کی سولی پر لٹکی خواتین امیدوار اور ان کے والدین کے ساتھ ریکروٹمنٹ کمیٹی کی جانب سے شدید زیاتی کی گئی ۔ سارے دن میں صرف 15 خواتین کے انٹرویوز کیئے جا سکے۔ بعد دوپہر شدید انتظار کے بعد خواتین ایجوکیٹرز کو پراسس مکمل نہ ہونے پر موخر کئے جانے کا اعلان کر دیا گیا جس کے بعد انتظار کی سولی پر لٹکی خواتین کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور انہوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، ریکروٹمنٹ کمیٹی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ خواتین نے والدین کے ہمراہ سکول کے باہر سڑک پر دھرنا دیا اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ فی میل ایجوکیٹرز اور والدین کا کہنا ہے کہ ریکروٹمنٹ کمیٹی کی نااہلی ہے کہ انہوں نے اتنی بڑی تعداد کو بلوایا اور ایک ہی کاؤنٹر پر قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین روزہ کے ساتھ دن بھر ذلیل و خوار ہوتی رہی ہیں مگر ریکروٹمنٹ کمیٹی نے سسٹم سمجھ نہ آنے کا بہانہ بنا کر موخر کر دیا ہے جو کہ زیادتی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، ریکروٹمنٹ کمیٹی کی لاپرواہی و انا اہلی کا نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔ ڈی ایم او عثمان بخاری نے بتایا کہ سکول چوائس کا سسٹم صحیح نہ تھا جس کے باعث بد انتظامی ہوئی ۔ اب پراسس موخر کر دیا گیا ہے دو دن میں کاغذات درست کر کے دوبارہ پراسس مکمل کیا جائیگا۔