لیہ (صبح پا کستان) ووٹ کے اندراج اور ٹرن آوٹ کی شرح میں اضافہ کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ میڈیا بطور ریاست کا چوتھا ستون ہونے کی حیثیت سے رائے عامہ بنانے اور عوام میں الیکشن اور جمہوری عمل کے ثمرات کی آگہی میں بہترین کردار اد ا کررہا ہے کیونکہ آزاد میڈیا کے بغیر جمہوری ریاست کا تصور نامکمل ہے۔یہ بات ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک جاوید اقبال نے ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ میں ’’میٹ دی پریس‘‘ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ افراد ریاست کی بنیادی اکائی ہیں اور ان کے ووٹ سے ہی ملک کے بہترمستقبل کے فیصلے ہوتے ہیں تاہم بدقسمتی سے ٹرن آوٹ کی شرح دیگر ممالک کی نسبت کم ہیں اور اس کی بنیادی وجہ خواتین ووٹرز کا بلاواسطہ یا بلواسطہ حق رائے دہی استعمال نہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع لیہ میں رجسٹر ووٹرکی تعداد 805474ہے جس میں مرد 449109جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 356365ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ عام انتخابات میں ضلع لیہ میں ٹرن آوٹ کی شرح 55فی صدرہی جو کہ دیگر اضلاع کی نسبت بہت زیادہ ہے اور یہ ایک خوشگورار تبدیلی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی 48یونین کونسلوں کے لیے عموماً 574پولنگ اسٹیشن بنائے جاتے ہیں اورتمام سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے جبکہ حساس پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے میڈیا نمائندگان سے ووٹ اندرا ج آگاہی مہم کے لیے تعاون ،رائے عامہ کی بیداری کے سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیااور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی اس ضمن میں دی گئیں مثبت تجاویز کو الیکشن کمشنر کے علم میں لانے کا یقین دلایا۔ میٹ دی پریس میں نزہت یاسمین ایڈووکیٹ،نادراافسران اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی