لیہ (صبح پا کستان)ضلع لیہ میں امن وامان کے قیام کے لیے اراکین امن کمیٹی کا کردار ہمیشہ کلیدی اہمیت کا حامل رہا ہے ان کی اتحاد بین المسلیمین کے فروغ کے لیے مثبت تجاویز پر عمل درآمد کے سلسلہ میں متعلقہ ادارے متحر ک و فعال ہیں اورشرپسند عناصر سے نمٹنے کے لیے و قانون کی بالادستی کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام موثر طور پر سرانجام دے رہے ہیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی و چہلم حضرت امام حسین انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں ایم پی ائے قیصر عباس مگسی ،چیئرمین ضلع کونسل عمر علی اولکھ ،چیئر مین ایم سی چوبارہ مظہر عباس مگسی ،اے ڈی سی جی محبوب احمد ،اے سی لیہ عابد کلیار ،اے سی کروڑ الطاف حسین ،اے سی چوبارہ صفات اللہ،سی ای او صحت ڈاکٹر امیرعبداللہ سامیٹہ ،ڈی ایس پی چوبارہ سعادت اللہ چوہان،سیکورٹی آفیسر عظمت اللہ،سو ل ڈیفنس آفیسر خالد کریم،سی اوایم سی کروڑ ممتاز حسین کلاچی،سی او ایم سی لیہ اللہ نواز خان ،ڈی ایس پی صدر ارشاد حسین شاہ،رانا اعجاز سہیل ،سید نیر عباس شاہ،سید الطاف حسین شاہ، اراکین امن کمیٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں ممبران امن کمیٹی محمد اشرف چشتی نے مذہبی ہم آہنگی کے بارے میں ،طلحہ زبیر نے صفائی کی صورت حال کو بہتر بنانے ،حاجی مختیار حسین نے سڑک کے کام کو مکمل کرنے اور انارکلی بازار میں بجلی کی تاروں کی درستگی ،سید عملدار حسین نے محرم الحرام کی طرح چہلم میں بھی اسی طرح انتظامات بروئے کار لانے ،محمود عثمانی نے اجلاس میں طے کردہ معاملات پر عمل درآمد ،قاری فدا لرحمان و قاری عبدالروف نے باہمی اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امن کے لیے خدمات ،قاری کفایت اللہ ،علی رضا شاہ ،سید ثقلین زید ی اور شیخ کمال الدین نے اخوت ،بھائی چارئے کے لیے مل جل کر خدمات سرانجام دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے قیصر عباس مگسی نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کو بھر پور سیکورٹی کور دینے اور زبان بندی و ضلع بندی پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ ادارے اپنا کام مزید بہتر انداز میں سر انجام دیں ۔چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ نے کہا کہ اراکین امن کمیٹی ہمیشہ امن و اما ن کے قیام کے لیے سرگرم عمل رہے ہیں جس کے لیے ان کا کردار قابل تعریف ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع لیہ امن و امان کے حوالے سے مثالی ضلع کی حیثیت رکھتا ہے جو انتظامی افسران واراکین امن کمیٹی کے باہمی رابطے اور تعاون کا عمل ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے نمٹنے کے لیے قانون حرکت میں آئے گااور ضلع کی پرامن فضا ء خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹاء جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے پولیس ،ریسکیو 1122،سول ڈیفنس ،میونسپل کمیٹیوں ،سیکورٹی حکام کو اراکین امن کمیٹی کی تجاویزپر فوری طورپر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔بعدازاں قاری کفایت اللہ نے ملکی سلامتی و استحکام ،ترقی اور امن امان کے قیام کے لیے دعاکروائی۔