لیہ(صبح پا کستان) ضلع لیہ میں جاری 682ترقیاتی منصوبے کوالٹی پر سمجھوتہ کیے بغیر مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تھرڈ پارٹی سے معیارکے معائنہ کے بعد ادائیگی کا عمل بروئے کار لانے کے علاوہ ناقص معیار پر نہ صرف متعلقہ ٹھکیدار کی ادائیگی روک لی جائے بلکہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔یہ بات ممبر صوبائی اسمبلی سردار قیصر عباس خان مگسی نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر واجدعلی شاہ ،چیئر مین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ ،سابق ایم پی اے ملک عبدالشکور سواگ موجو د تھے۔اجلاس میں ڈی او پلاننگ عرفان انجم نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ چیف منسٹر سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ماڈل ویلج 105ایم ایل کے ساتھ ترقیاتی منصوبے 13کروڑ 92لاکھ روپے کی لاگت سے ،پرائم منسٹر گلوبل ڈویلپمنٹ سکیم کے 210ترقیاتی سکیمیں 40کروڑ روپے کی لاگت سے ،چیف منسٹر سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 19ترقیاتی منصوبے 5کروڑ روپے کی لاگت سے ،ٹائیڈگرانٹ کے تحت 371ترقیاتی منصوبے57کروڑ 26لاکھ روپے کی لاگت سے اور صوبائی اے ڈی پی کے تحت 75سکیمیں 16ارب 64کروڑ 25لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔اجلاس میں صحت ،تعلیم ،زراعت ،انہار ،سوشل ویلفئیر،پارکس ،روڈز ،بلڈنگز،لوکل گورنمنٹ ،سپر و حفاظتی بندوں کے ترقیاتی منصوبوں پر فرداًفرداً کام کی رفتار فنڈز کے استعمال ،کوالٹی کے لیے مانیٹر نگ کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار قیصر عباس خان مگسی نے کہا کہ ترقیا تی منصوبوں کے اجراء سے تکمیل تک موثر مانیٹرنگ کا عمل بنایا جائے اور مقررہ مد ت میں تکمیل کے ذریعے شہریوں کو مستفید کیاجائے۔انہوں نے ہسپتالوں میں ائیر کنڈیشنڈ کی فوری تنصیب،مراکز صحت میں بجلی کے نظام کی بہتری اور دیہی روڈز کے منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کے لیے چھوٹے چھوٹے ٹیکنیکل مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات عمل میں لائے جائیں اور فنڈز کے سو فی صد استعمال کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیاجائے اور متعلقہ ادارئے باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دے کر ترقیاتی منصوبے مکمل کرائیں۔اجلاس میں قومی تعمیر وترقی کے تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔