لیہ(صبح پا کستان) معذور افرادکو فراہمی روزگا ر کے لیے حکومتی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے قواعد وضوابط کے تحت خدمات سرانجام دیں تاکہ انہیں معاشرے کے دیگر طبقات کے شانہ بشانہ خدمت کرنے کا موقع میسر آسکے ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے معذور افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوے کہی۔اجلاس میں ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر بشیر احمد سمرا ،ڈی ڈی سوشل ویلفیئر ظفر اقبال کھارا ،ماہرامراض چشم ڈاکٹر زیشان مرزا،ماہر امراض ہڈی جوڑ ڈاکٹر عبدالرشید بھٹی ،ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ ٹیکنکل کالج سائیکالوجسٹ شلٹر ہوم فرخندہ نواز ،پرنسپل محمد اسلم سہو،ایڈمن آفیسر علی عمران نے شرکت کی ۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران ڈی ڈی سوشل ویلفیئر ظفر اقبال کھار انے بتایا کہ ضلع لیہ میں 63سپیشل پرسن مختلف اداروں میں کام کررہے ہیں جبکہ 42نئی سیٹیں پُر کرنے کے لیے درخواستوں کی وصولی کے عمل کے بعد پراسس کیا جارہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو فراہمی روزگار کے لیے مختص کوٹہ پر عمل درآمد رتمام سرکاری اداروں کی اولین ذمہ داری ہے جسے کماحقہ پورا کرنے کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔انہوں نے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ معذور افراد کو معذوری سرٹیفیکٹ جاری کرتے وقت متعلقہ بورڈ ان کے انٹرویوکا عمل مکمل کرکے ان کے لیے متعلقہ جاب کا واضح تعین کریں ۔