لیہ (صبح پا کستان )ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور سموگ سیزن کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگاہی کے لیے متعلقہ ادارے حکومتی ہدایت کی روشنی میں ضروری اقدامات عمل میں لائیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے سموگ سیزن کی احتیاطی تدابیر و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں اے ڈی سی جنرل محبوب احمد ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحول علی عمران ،ڈی او انڈسٹری محمد عبداللہ ،سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی ،سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ،ڈی ای ایس ہیڈکوارٹر طاہر مقصود ،ڈی او لیبر کلیم یوسف ،اے ڈی زراعت عابد حسین شاہ ،ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد افضل تارڑ ،سوشل ویلفیئر آفیسرمشتاق حسین ، پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد رمضان تونسوی ،انچارج ٹریفک پولیس ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے سموگ سیزن کے دوران محکمہ صحت ،زراعت ،ماحولیات کے حکام کو الرٹ رہتے ہوئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمدکرانے کی ہدایت کی اور اس سلسلہ میں دفعہ 144کے نفاذپر عمل درآمد کے ذریعے فصلوں کی باقیات،سالڈویسٹ ،ٹائروں کو آگ لگانے پر قابو پانے کے لیے ہدایات دیں۔اسی طرح انہوں نے ٹریفک پولیس کے حکام کو سموگ کے دوران ٹریفک کی روانی کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کے بار ئے میں آگاہ کیا ۔اجلاس میں اے ڈی ماحولیات علی عمران و ڈی او انڈسٹری محمد عبداللہ نے بھٹہ جات ،کوئلہ بنانے والی بھٹیوں جبکہ اے ڈی زراعت عابد حسین نے فصلوں کی باقیات کو جلانے پر قابو پانے کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے شوگر مل چلانے ،گنے کی ٹرالیوں کو بلاروکاوٹ مل میں داخلے اور ایڈنٹ جاری کرنے کے لیے مربوط نظام ترتیب دیتے ہوئے انتظامی افسران سے تعاون کے ذریعے اقدامات عمل میں لانے کی ہدایت کی جس پر لیہ شوگر مل کے نمائندہ نے ہر قسمی تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر کاشتکارنمائندوں مصو رحسین اور حاجی نو رمحمد نے مختلف تجاویز دیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے شوگر مل حکام کو تمام کنڈا جات کے نمایاں مقام پر ایل سی ڈی نصب کرنے کی ہدایات کی جن پر کاشتکار وزن کو دیکھ سکیں۔