لیہ (صبح پا کستان)ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اپنے دفتر کے سبزہ زار میں فائی کس کا پودا لگاکر مون سون شجر کاری مہم 2017ء کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر نعیم اللہ بھٹی،صدر ڈسٹرکٹ بار مہر احمد علی واندر ،ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر اعجاز احمد،سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر طارق محمود،ڈاکٹرظفر عالم ظفری نے بھی پودے لگائے۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ درخت زمین کا زیورہی نہیں بلکہ زندگی کی علامت ہیں۔جنگلات کی اہمیت ایک مسلمہ حقیقت ہے اور پاکستان میں ان کی کمی اور درختوں کی کٹائی ایک المیہ ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات سمیت ہر محب وطن پاکستانی کو جنگلات کا تحفظ اور اپنے حصہ کا پودا لگاکر شجر کاری مہم کو کامیاب بنانا ہوگاتاکہ ہم اپنی نسل کو ایک سرسبزو شاداب ملک اور صحت افزاء ماحول فراہم کرسکیں۔ڈی ایف او اعجازاحمد نے اس موقع پر بتا یا کہ شجر کاری مہم کے دوران 3لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے اور ان کی آبیاری کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں گے۔بعدازاں شجر کاری مہم کی کامیابی کے لیے دعابھی کی گئی ۔