لیہ(صبح پا کستان)ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے عید ملن پارٹی کا اہتمام، جوڈیشری کے ارکا ن اور وکلا کی بڑی تعدادمیں شرکت، احمد پور شرقیہ سانحہ میں جاں بحق افراد کے بخشش کے لئے دعا بھی کرائی گئی۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ بار لیہ کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ قمر الزامان نے کہاکہ لیہ میں بار اور بنچ کا تعلق مثالی ہے ، بار کے مسائل کے حل کے ساتھ بار کیلئے جو ہو سکا کرنے کا وعدہ کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ڈسٹرکٹ بار کے کمپیوٹر سیکشن کے لئے کمپیوٹر، سکینر، پرنٹر او ر دیگر سامان مہیا کرنے کا اعلان کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج نے سانحہ احمد پور شرقیہ پر افسوس و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر انتے بڑے سانحہ نے خوشیوں کو ماندکر دیا، انہوں نے کہاکہ سانحہ کی وجہ سے عید پر نئے کپڑے بھی نہیں پہنے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج رائے یسین شاہین نے کہاکہ ڈسٹرکٹ بار کے وکلا کا بنچ کے ساتھ مثالی تعاون دیگر بارز میں بھی یاد کیا جاتا ہے، انہوں نے وکلا کو یقین دلایا کہ انصاف کے حصول میں ان کا تعاون ہمیشہ رہے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ بار مہر احمد علی واندر نے کہا کہ وکلا کی کاوشوں اور محنتوں کی بدولت آج غریب ، مظلوم عوام کو انصاف میسر آرہا ہے، انہوں نے کہا کہ لیہ میں تعینات ججز نے انصاف کی فراہمی میں ہمیشہ وکلا کے ساتھ بھر پورتعاو ن کویقینی بنایا۔ احمد علی واندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ بنچ نے ہمیشہ بار کے مسائل کے حل میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ تقریب سے جنرل سیکرٹری اشفاق احمد لنگاہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج کو ویلکم بھی کیا گیا اور سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق افراد کی بخشش کے لئے دعا کرائی گئی۔