لیہ (صبح پا کستان)کمشنر ڈی جی خان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ سرکاری واجبات کی سوفی صد وصولی اورریونیو جوڈیشل مقدمات کو سرعت سے نمٹانا ریونیو افسران کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہ کی جاے گی۔یہ بات انہوں نے ریونیو افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ ،اے ڈی سی آر نعیم اللہ بھٹی،اے ڈی سی جنرل محبوب احمد،اے سی لیہ عابدکلیار، کروڑالطاف حسین کھوسہ ،چوبارہ صفات اللہ خان ،تحصیل دارعامر حیات شیخ،افتخار ڈھانڈلاو ریونیو افسران کی کثیر تعداد موجود تھی۔اجلاس میں واٹرریٹ ،زرعی انکم ٹیکس،سٹیمپ ڈیوٹی ،رجسٹریشن فیس ودیگر سرکاری واجبات کے اہداف و صولی کے بارے میں نقشو ں اور چارٹوں کی مدد سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر احمد علی کمبوہ نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی ہی زرعی معیشت کی بہتری کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کے سوفی صدحصول کے لیے خصوصی توجہ سے کام کیا جائے ۔اسی طرح انہوں نے فرداًفرداًریونیو افسران کی کارکردگی کے جائزہ کے موقع پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید محنت سے کا م کرنے کی ضروت پر زوردیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ضلع لیہ میں سیلابی صورت حال و دریائی کٹاؤ سے متاثرہ بستیوں،ریلیف سرگرمیوں ،فوڈ ہیمپر ،خیموں کی فراہمی ،طبی سہولیات ،مویشیوں کی ویکسی نیشن اور فلڈپلان کے تحت1122،محکمہ صحت ،ریونیو ،سول ڈیفنس کی کارکردگی اور 4فلڈ ریلیف کیمپوں ،6طبی کیمپوں اور 1122کے تحت متاثرین سیلاب کو بوٹس و ٹرانسپوٹیشن کی مفت سہولیات کے بارے میں تفصیلی طور پر اعدادوشمار کے زریعے آگاہ کیا۔بعدازاں کمشنر ڈی جی خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتا ل کا معائنہ کیااور ایمرجنسی ،ان ڈور،آوٹ ڈورمیں فراہم کردہ طبی سہولیات کے بارے میں سی ای اوصحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔