لیہ(صبح پا کستان )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عبدالقیوم کے لیہ سے تبادلہ کے موقع پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج یاسین شاہین،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کنزیومرکورٹ اکرم خان پتافی،سپریٹنڈنٹ محمد عابد قادری نے خطاب کرتے ہوئے ان کی لیہ میں تعیناتی کے دوران بار اور بینچ کے بہتر ورکنگ ریلیشن شپ کے ذریعے مقدمات کو سرعت سے نمٹانے ،وکلاء اور عدالتوں میں آنے والے سائلین کی سہولیا ت کے لیے ویٹ شیڈ،واٹر پیورفیکیشن پلانٹ ،عدالتوں کی عمارات میں توسیع ،نئے لان بنائے جانے ،بہتر شجر کاری ایسے اقدام کے ذریعے جدید سہولیات کی فراہمی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیااور ماتحت عملے سے ان کے شفیق رویے کو سراہا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عبدالقیوم نے خطاب کرتے ہوئے عدالتی نظام کے تحت بہتر سہولیات کی فراہمی اور مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے وکلاء ،ماتحت جج صاحبان اور جوڈیشل عملے کی کاوشوں کو ایک ٹیم ورک قرار دیتے ہوئے اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیاکہ جس کی بدولت انہیں بہتر انداز میں کام کرنے کا موقع میسر آیا۔تقریب میں جج صاحبان اور جوڈیشل عملے کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ججزصاحبان کی طرف سے شیلڈ دی گئی۔