لیہ(صبح پا کستان) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے سکول میل (خوراک ) پروگرام کے تحت ضلع لیہ کے تمام سکولوں کے طلبہ کوتوانائی سے بھر پور بسکٹ اور دودھ فراہم کیا جائے گا ۔ابتدائی طورپر اس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کے دو اضلا ع لیہ اور مظفر گڑھ سے کیا جارہاہے ۔پروگرام کا مقصد بچوں میں خوراک کی کمی سے پیداہونے والے مسائل کا خاتمہ اور انہیں صحت مند وتوانا رکھناہے ۔یہ بات صوبائی وزیر اقدامات برائے قدرتی آفات مہر اعجاز احمد اچلانہ کو ڈی سی آفس میں سکول میل ( خوراک) کی فوکل پرسن صنم ملاح نے بریفنگ میں بتائی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ ،ورلڈ فوڈ پروگرام کے لاجسٹک اینڈ سپلائی چین آفیسر عبداللہ زمان ،ریجنل سکول میل ایڈوائزر پیٹ ووچٹن،لاجسٹک آفیسر شہزاد مغل ،ڈی او تعلیم ذوالفقار علی موجود تھے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ خوراک کی کمی کی وجہ سے طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے خاتمہ کے لیے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پرخصوصی فوڈ پروگرام تشکیل دیا گیا ہے اس پروگرام میں ورلڈ فوڈ تکینکی معاونت فراہم کرے گا اور اس کو بتدریج صوبہ بھر میں پھیلایا جائے گا۔صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم اورصحت کے شعبہ کو ترجیحی بنیادوں پر فوکس کیے ہوئے ہے اور طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ صحت مند رکھنے کے لیے اس فوڈ پروگرام کی کام یابی کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے کیونکہ اس پروگرام کی کام یابی سے ایک صحت مند قوم تشکیل دینے میں نمایاں مدد ملے گی ۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوے کہا پروگرام کوکام یاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات عمل میں لاے جائیں گے اور ستمبر سے قبل سکول جانے والے تمام طلبہ کا ڈیٹا ازسرنو مرتب کر لیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ فوڈ اشیاء کی سٹوریج اور فراہمی کے لیے منظم حکمت عملی اپنائی جائے گی ۔