لیہ (صبح پا کستان)جدید ٹیکنالوجی سے متصف نوجوان نسل ہی ملک کی تعمیرو ترقی کی ضامن ہے جس کے حصول کے لیے حکومت پنجاب ہائیرایجوکیشن کے تحت مختلف منصوبوں پر روبہ عمل ہے اور جلد ہی بی زیڈ یو بہادر کیمپس کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جارہا ہے یہ بات صوبائی وزیر اقدامات براے قدرتی آفات مہر اعجاز احمد اچلانہ نے بی زیڈیو بہادر کیمپس میں منعقدہ نیشنل زرعی کانفرنس سے اپنے صدارتی خطاب میں کہی۔کانفرنس کیمپس کے زرعی کالج کے زیر اہتمام منعقدکی گئی۔کانفرنس سے پروفیسرڈاکٹر زاہد عطا نسیم ،ڈاکٹر عمران اشرف ،ڈاکٹر حفیظ الرحمان ،ڈاکٹر محمد فاروق ،ڈاکٹر سردار عالم،ڈاکٹر محمد ثناء اللہ،ڈاکٹر عمران خان،پروفیسر ڈاکٹر نسیم اللہ خان،پروفیسر ڈاکٹر منصور الحسن ساحی ،پروفیسر ڈاکٹر فیاض الحسن ،پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال، کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر مبشر حسین اور پرنسپل زرعی کالج ڈاکٹر محمد اعجاز نے خطاب کرتے ہوے موسمی حالات کے تغیر و تبدل کے پیش نظر جدیدتعلیمی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ زرعی ٹیکنالوجی کا حصول اور استعمال، بہتر پیداوار کے لیے آب پاشی ،میعاری بیجوں ،زرعی ادوایات ،کھادوں کے مناسب استعمال اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کے لیے زرعی کالج کی کارکردگی اور بہتر زراعت کے مستقبل کے بارے میں تفصیلی طور آگاہ کیا۔صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا ویژن بہادر سب کیمپس کو یونیورسٹی کا درجہ دلانا ہے جو جلد پورا کیا جارہاہے تاکہ اس علاقے کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اعلی تعلیمی سہولیات ایک ہی چھت تلے حاصل ہوسکے ۔انہو ں نے مزیدکہا نوجوان نسل کو جدید علم وہنر سے بہرہ مندکرنے کے لیے اساتذہ کرام اپنی کوششیں جاری رکھیں پنجاب حکومت ان کے ہاتھ مزید مضبوط کرے گی اور یونیورسٹی کے تمام شعبوں میں جدید لیبز کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔کانفر نس میں صوبائی وزیر نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے حامل پروفیسرز ،ماہر ین تعلیم ،طلبہ میں شیلڈز،پھول وکیش پرائزتقسیم کیے جن میں ڈاکٹر محمد شکیل ،ڈاکٹرغلام جیلانی ،ڈاکٹر عامر نواز ،مسٹر نثارحسین ،ڈاکٹر مختار احمد،ڈاکٹر اقبال بندیشہ،ڈاکٹرمحمد صغیر،ڈاکٹر سمیعہ خان،ڈاکٹر محمد شاہدو یگر شامل ہیں۔تقریب میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ،بی زیڈیو ملتان ،ایرڈ یونیورسٹی ،سرگودھا یونیورسٹی ،جی سی یونیورسٹی فیصل آباد ،تارا گروپ آف کمپنیز کے ماہر ین زراعت ،سائنسدانوں ،زرعی افسران،طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔