لیہ(صبح پا کستان)علامہ اقبال یونیورسٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج لیہ میں منعقدہ بی ایڈ کی بارہ روزہ ٹریننگ اختتام کو پہنچ گئی۔ٹریننگ کے آخری روز منعقدہ تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال یونیورسٹی قیصر عباس نے شرکت کی۔ طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے قیصر عباس نے کہا کہ علامہ اقبال یونیورسٹی تعلیمی شعبے میں بے پناہ خدمات سرانجام دے رہی ہے، علامہ اقبال یونیورسٹی کی انتظامیہ طلبا و طالبات کو اعلی تعلیمی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پروفیشنل ڈگریوں پر بھر پور توجہ دے رہی ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر خادم حسین نے کہاکہ ڈی جی خان ڈویژن میں ضلع لیہ کے طلبا سب سے زیادہ تعداد میں علامہ اقبال یونیورسٹی میں داخلہ لیتے ہیں جو لیہ کے طلبا کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال یونیورسٹی قیصر عباس سے جنریٹر اور ملٹی میڈیا کی فراہمی کا مطالبہ کیا جو انہوں نے جلد مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوارڈی نیٹر میڈیم کاوش تصور نے کہاکہ بی ایڈ ورکشاپ طلبا و طالبات کو پریکٹیکل لائف میں بھر پور مدد فراہم کرے گی، انہوں نے کہاکہ ٹریننگ اساتذہ کو طلبا کو مسقبل کا بہتر ین معمار بنانے کے لئے تربیت فراہم کی ہے۔ تقریب سے طاہر وریام نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں شریک طلبا و طالبات نے ملی نغمے، مزاحیہ غزلیں سنا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔