کوٹ سلطان(جام محمداشرف سے)یونین کونسل رورل کوٹ سلطان میں محکمہ زراعت کی طرف سے کاٹن سیمینارکاانعقاد،ماہرین زراعت نے کپاس کی فصل پرجدیدٹیکنالوجی کے استعمال بارے کاشتکاروں کومکمل بریف کیا،تفصیل کے مطابق محکمہ زراعت اورآئی سی آئی سیڈزکی طرف سے یونین کونسل رورل کوٹ سلطان میں کاٹن سیمینارمنعقدہواجس میں ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کوجدیدٹیکنالوجی کے ذریعے کپاس کی بہترپیدوارحاصل کرنے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت لیہ چوہدری غلام رسول نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے تحصیل کی سطح پرپچاس ایکڑپرکپاس کی فصل کاشت کرنے والے کاشتکاروں کے لئے پی بی روپس کی ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے جس سے گلابی سنڈی کے خاتمہ میں سوفیصدکامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی بی روپس کے بہترین نتائج کے حصول کے بعدآنے والے وقتوں میں حکومت پنجاب پچاس ایکڑکی شرط کوختم کرکے اس سے کم رقبے پرکپاس کی فصل کاشت کرنے والے کسانوں کے لئے بھی پی بی روپس کی سہولت فراہم کرنے پرغورکررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی بی روپس ٹیکنالوجی سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ کپاس کی فصل کے چورکیڑے گلابی سنڈی کامکمل خاتمہ ممکن ہے اورکپاس کی یقینی بہترپیدوارکاحصول بھی ممکن ہے۔ڈیویلپمنٹ ایگرانوسٹ سیڈزآئی سی آئی محمدضیاء الاسلام حجازی نے سیمینارکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کاشتکاروں کوچاہیئے کہ گندم کی فصل کے ساتھ ساتھ اپنی زمینوں پرکینولا کی فصل کاشت کریں۔انہوں نے کہاکہ کم عرصہ میں تیارہونے والی کینولا کی فصل سے زیادہ سے زیادہ زرِمبادلہ حاصل کیاجاسکتاہے جس سے کاشتکاروں کی زندگیاں اورمالی حالات تبدیل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کینولا کی فصل کاشت کرنے پرحکومتِ پنجاب کسانوں کوفی ایکڑپانچ ہزارروپے کی سبسڈی فراہم کررہی جس سے کاشتکاروں کوضرورفائدہ اٹھاناچاہیئے۔انہوں نے بتایاکہ کاشتکاربروقت کینولا کی کاشت کویقینی بناکرچالیس سے پنتالیس من فی ایکڑپیداوارحاصل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس بارحکومت کاشتکاروں سے پچیس سوروپے فی من کے حساب سے کینولاخریدے گی جس سے کاشتکاروں کوبہترطورپرزرمبادلہ حاصل کرنے کاموقع ملے گا۔سیمینارمیں راناعالمگیرایریاآفیسرآئی سی آئی،زراعت آفیسرچوہدری محمدصدیق،اعجازاحمدقیصرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹرپلانٹ پروٹیکشن لیہ،ڈائریکٹرزراعت شفقت حسین بھٹی،اعجازاحمدجرولہ،ولیداصغرایریامنیجرسیڈزآئی سی آئی،چوہدری افتخاراوردیگرنے بھی خطاب کیا۔