کوٹ سلطان (صبح پا کستان) گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج کوٹ سلطان میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے قدرتی آفات مہر اعجاز احمد اچلانہ نے کہاکہ ضلع لیہ تعلیمی حوالہ سے پہچان رکھتا ہے جس پر اساتذہ کو خرا ج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہاکہ کوٹ سلطان کالج بنیاد کے لحاظ سے ضلع لیہ کا دوسرا پوسٹ گریجوایٹ کالج ہے مگر تعلیمی میدان میں وہ کامیابیاں حاصل کیں جس پر ضلع لیہ کے ہر شہری کو فخر ہے، صوبائی وزیر نے کہاکہ کوٹ سلطان کالج کی ہر ضرورت کو پورا کیا جائے گا، انہوں نے کالج بس، سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ، لائبریری کے لئے اکیڈمک بکس، جنریٹر سمیت دیگر ضروریات کو پورا کرنے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر الطاف حسین نے کہاکہ پوسٹ گریجوایٹ کالج ڈی جی خان ڈویژن کا فخر ہے جس کے طلبا نے صوبائی سطح تک پہلی ، دوسری پوزیشنز حاصل کی جو ضلع لیہ کے لئے بھی اعزاز۔ انہوں نے پرنسپل کالج ڈاکٹر مزمل حسین کی کالج کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور چند سالوں میں ڈویژن کا بہترین کالج بنانے پر مبارک باد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مزمل حسین نے کہاکہ کالج میں طلبا کو بہترین تعلیمی ماحول مہیاکیا جا رہا ہے جس کی بدولت طلبا نصابی ، غیر نصابی ، ہم نصابی سرگرمیوں میں صوبہ کی سطح تک پوزیشن حاصل کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ کالج میں پی ایچ ڈی ، ایم فل سٹاف کی بدولت آج والدین نے جس اعتماد کا اظہار کیا اسی کا نتیجہ ہے کہ طلبا نے ہر میدان میں بے مثال کامیابیاں سمیٹیں۔سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر خادم حسین، ضلعی وائس چیئر مین حاجی نور محبوب میلوانہ، ڈاکٹر مزمل کریم ، ملک حنیف سہو، پرنسپل کامر س کالج ڈاکٹر گل عباس اعوان سمیت معززین شہر نے شرکت کی۔تقریب میں سماجی شخصیت نے کالج کے لئے ایک لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا۔ تقریب میں کھیلوں کے مقا بلہ جات، وزیر اعلی ادبی پروگرام سمیت سالانہ نتائج کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں وزیر اعلی ادبی پروگرام میں صوبہ بھر میں پہلی پوزین حاصل کرنے والے علی شیر حیدر کو خصوصی انعام سے بھی نوازا کیا گیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ نے کالج میں قائم کمپیوٹر لیب کا بھی افتتاح کیا۔