کوٹ سلطان (صبح پا کستان ) ٹی ایم اے سی او یونٹ کوٹ سلطان میں یونین کونسلوں کے دفاتر قائم ،سٹریٹ لائٹس،سیوریج کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ،ٹی ایم اے کے عملہ کو لیہ رپورٹ کرنے کی ہدایات ،شہریوں کو پریشانی کا سامنا۔کوٹ سلطان کی یونین کونسل میں حلقہ بندیوں کے دوران کوٹ سلطان کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کی بجائے متعلقہ محکمہ نے دو یونین کونسلوں سونہاراوساوا اوریوسی کوٹ سلطان رورل کے دفاتر قائم کر دیے گئے اور دو جنوری سے ان یونین کونسلوں کے چیئر مینوں نے اپنے دفاتر سنبھال لیے ہیں ،سی او یونٹ کوٹ سلطان کا دفتر سیاسی نمائندوں کے قبضہ میں آ گیا جبکہ ٹی ایم اے سی او یونٹ کوٹ سلطان کے عملہ کو لیہ رپورٹ کرنے کی ہدایات پر عملہ لیہ چلا گیا ہے جس کی وجہ سے شہر بھرکی سٹریٹ لائٹس خراب ہو چکی ہیں جبکہ سیوریج کا سسٹم خراب ہونے سے شہر کے گلی محلے سیوریج کے پانی اور گندگی سے بھر چکے ہیں ، محلہ حسنین آباد ،محلہ فاروق اعظم،محلہ مدنی ،محلہ گلزار مدینہ ،محلہ شیخاں اور دیگر علاقوں میں گٹر ابلنے لگے اورسیوریج کے پانی کے باہر نکل آنے سے اہل محلہ کو آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔جبکہ بلدیاتی نمائندگان شہر کی صورت حال کو بہتر کرنے کی بجائے دفاتر کے حصول پر جھگڑنے میں مصروف ہیں شہریوں محمد اشرف ،غلام فرید ،نوید اقبال،سید گلزار شاہ ،محمد ہاشم ،استاد رحیم بخش،محمد اختر بھٹہ،غلام عباس،محبوب حسین ،اختر عباس،فیض حسین ملنگ،میاں جواد آرائیں ،خادم حسین اور دیگر نے ٹی ایم اے سی او یونٹ کوٹ سلطان کو لیہ منتقل نہ کرنے اور شہر بھر میں صفائی کی صورت حال کو بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔