کوٹ سلطان (صبح پا کستان)قانون کے رکھوالے شادی گھر پہنچ گئے، شرلی پٹاخوں پر درجے مقدمہ میں دلہا شادی کے اگلے دن گرفتار، بہن کی شادی کی خوشیا ں ماند پڑی رہیں۔ ریلوے اسٹیشن کوٹ سلطان کے رہائشی عبدالر حمن کے بیٹے عمران کی جمعرات کوہونے والی شادی کی رات شرلی پٹاخے چلانے پر تھانہ کوٹ سلطان پولیس نے دلہا محمد عمران کے خلاف شرلی پٹاخوں کا مقدمہ درج کر کے شادی کے دوسرے روز گرفتار بھی کر لیا جبکہ اسی دن دلہا عمران کی بہن کی ہونے والی شادی کی خوشیاں بھی ماندپڑی رہیں۔ دلہا کی گرفتاری پر دلہے کے والد اور دیگر رشتہ دار دلہا کی ضمانت کرانے لیہ عدالت جا پہنچے دوسری طرف دلہا عمران کی بہن کی رخصتی کے لئے بارات بھی ان کے گھر پہنچ گئی۔ بہن بھائی کی شادی کے موقع پر بہن کی رخصتی کے دن دلہا بھائی کی گرفتاری پر شادی کی خوشیاں ماند پڑی رہیں جس پر دلہا کے والدین، رشتہ داروں نے شدید ردعمل کا اظہار کر تے ہوئے کہاکہ پولیس ہائی پروفائل مقدمات میں گرفتاری تو دوری کی بات اندارج مقدمہ میں بھی ہفتے لگتے ہیں مگر یہاں خوشیوں کے روز پولیس کارروائی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔