لیہ(صبح پا کستان)ڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کا دورہ لیہ، نکاح کی تقریب میں شرکت کے علاوہ کنونشن سے خطاب ، پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے عوام کو جے یوآئی میں شمولیت کی دعوت۔ڈپٹی چیئر مین سینٹ و مرکزی جنرل سیکرٹری جمعیت علما اسلام مولانا عبدالغفور حیدری کا جمن شاہ کے نواحی چک 150ٹی ڈی اے میں قائم مدرسہ ابوبکر صدیقؓ پہنچنے پر کارکنان نے شاندار استقبال کیا، مدرسہ میں منعقدہ نکاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے ملک کو اسلامی فلاحی اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لئے لوگوں سے جمعیت کا ساتھ دینے کا پیغام دیا۔ اس موقع پر ٹکٹ ہولڈ جے یو آئی مہر احمد علی واندر ایڈووکیٹ، امیدوار ایم پی اے مہر طفیل لوہانچ، چیئر مین یوسی جمن شاہ مہر احمد حسن کلاسرہ، ملک حقنواز جوتہ، ملک حسنین جوتہ کے علاوہ علاقہ کے معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کوٹ سلطان میں جامعہ رحیمیہ تعلیم القرآن میں خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئر مین سینٹ نے کہاکہ مغربی تعلیمات اور ہدایات پر ملک پاکستان کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا، پنجاب میں دھڑا دھڑ لوگ جمعیت میں شامل ہو رہے ہیں، آئندہ جنرل الیکشن میں جمعیت علما اسلام پنجاب سے بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری قاری منور حسین، ضلعی نائب امیر قاری عبدالغفور رحیمی نے بھی خطاب کیا۔ لیہ میں منعقدہ سالانہ محفل حسن قرآت و حمد و نعت سے خطا ب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفو ر حیدری نے کہاکہ اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی ملک سمیت دنیامیں امن قائم ہو گا، جمعیت علما اسلام اسمبلی کے اندر اور باہر اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے کوشاں ہے، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے جانے کے بعد ملکی سیاست تبدیل ہو رہی ہے، سابق صدر کی وطن واپسی، ایم کیو ایم پاکستان کا فعال ہونا کسی مفاہت کا اشارہ کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملک میں انقلابی اقدامات کئے، دہشت گردی کے خاتمے میں سابق آرمی چیف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے جانے کے بعد اچانک ملکی سیاست تبدیل ہونا شروع ہو گئی، سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی، ایم کیو ایم پاکستان کا دوبارہ فعال ہونا کسی مفاہت کا اشارہ کر رہی ہے، ڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ چاہے ایم کیو ایم ہو یا پیپلز پارٹی جو ملک اور عوام کی خیرخواہ ہو گی تو ووٹ ملیں گے مگر ان کا ماضی کا کردار سب کے سامنے ہے۔