فورٹ منرو ..پرکشش سیاحتی مقام
تحریر. محمد جنید جتوئی انفارمیشن آفیسر
فورٹ منرو سطح سمندر سے 6470فٹ بلند ہے او ریہ کوہ سلیمان رینج میں واقع ہے اس کو پاکستان کے مرکز میں ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے . اس صحت افزا مقام کو انیسویں صدی میں رابرٹ گرووزسنڈے مین نے دریافت کیا اور اس وقت کے کمشنر ڈیرہ جات ڈویژن کرنل منرو کے نام پرفورٹ منرو نام رکھا گیا. فورٹ منرو ملتان سے 125کلو میٹر اور ڈیرہ غازیخان سے 85کلو میٹر کے فاصلے پر کوئٹہ روڈ پر واقع ہے . پہاڑی صحت افزا مقام فورٹ منرو کو تمن لغاری بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس علاقہ کی اکثریت آبادی لغاری قبیلہ پر مشتمل ہے .
حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب کے صحت افزا مقام فورٹ منرو کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کیے او رکر رہی ہے . ڈیرہ غازیخان سے فورٹ منرو کوئٹہ روڈ پر مختلف رودکوہیوں کے راستوں پر پل تعمیر کیے گئے . فورٹ منرو میں واٹر سپلائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر 2015میں دو ارب روپے خرچ کیے گئے . فورٹ منروکی ترقی اور پرکشش سیاحتی مقام بنانے کیلئے فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی گئی جس کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی سردار اویس احمد خان لغاری مقرر ہو ئے . اتھارٹی کے زیر نگرانی اور حکومت پنجاب کی توجہ سے اس وقت سیاحتی مقام کو پرکشش اور جاذب نظر بنانے کیلئے تیز رفتاری سے کام کیاجارہاہے . اہم منصوبوں میں پانی کی فراہمی پر 30کروڑ روپے ، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ و ڈرینج پر 30کروڑ روپے اور 16لاکھ سے چھ اہم رابطہ سڑکوں کو کارپٹڈ کیا جارہا ہے . کھر سے فورٹ منرو تک چیئر لفٹ اور کیبل کار کی تنصیب کیلئے 75کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا اور بجٹ 2017-18میں ابتدائی رقم بھی مختص کر دی گئی ہے . محکمہ جنگلات فورٹ منرو اور دیگر علاقوں میں 300ایکڑ رقبہ پر شجرکاری ، سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کام کر رہا ہے . محکمہ انہار بھی چھ چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کے منصوبے کیلئے کام کر رہا ہے جس کیلئے دو ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا . فورٹ منرو میں سٹیٹ آف دی آرٹ کیڈٹ کالج کی عمارت کیلئے ابتدائی کام مکمل کر لیاگیاہے اور بجٹ 2017-18میں ابتدائی رقم مختص کر دی گئی ہے . 100کنال رقبہ پر کیڈٹ کالج کی تعمیر اور ووکیشنل کالج کے علاوہ ایجوکیشن اور ہیلتھ کے شعبوں کو چلانے کیلئے شاہین فاونڈیشن کے ساتھ معاہدہ کرکے سمری منظوری کیلئے وزیراعلی پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے . فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت فورٹ منرو میں دن رات کی شفٹوں میں تیز رفتاری سے کام کیا جارہاہے . جنوری سے جولائی تک چھ ماہ کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر 41کروڑ روپے خرچ کیے گئے اور موجودہ بجٹ میں بھی مزید 15کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں . فورٹ منرو میں اربن یونٹ ، ماسٹر پلاننگ ، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ، سیوریج ، سڑک اور پارک سمیت مختلف شعبو ں پر تیز رفتاری سے کام کیاجارہاہے . فورٹ رنگ روڈ ، کھر بائی پاس روڈ ، فورٹ منرو ترنمن ، کھر مسجد بائی پاس ،دو کلو میٹررنگ روڈ ترنمن جھیل ، 4.5 کلومیٹر ترنمن روڈ تا اناری ، 3.5کلومیٹر ترنمن تا چمب روڈ ، دو کلومیٹر کلمہ چوک رنگ روڈ ، .65کلومیٹر کھرفورٹ منرو بائی پاس روڈ ، پانچ کلو میٹر این 70تا 74براستہ لنگر خندرسر ، کوئٹہ روڈ تا بستی قادر بخش روڈ، کھر تا بستی حقنواز روڈ ، بستی فاروق تا فورٹ منرو روڈ ، بستی جوڑ فورٹ منرو روڈ سمیت اہم رابطہ سڑکوں کی تعمیر پر مرحلہ وار کام کیا جائے گا .
فورٹ منرومیں سیاحوں کو پر سکون اور پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے بی ایم پی اور بلوچ لیوی فورس کے علاوہ فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پرائیویٹ سکیورٹی ایجنسی کی خدمات بھی حاصل کی ہیں . فورٹ منرو کے داخلی و خارجی مقامات سمیت اہم علاقوں میں 70گارڈ سمیت 100سکیورٹی آفیسرز ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں . خفیہ کیمروں کے ذریعے داخلی و خارجی مقامات کے علاوہ دیگر علاقوں میں سرگرمیوں کا ریکارڈ مرتب کیا جارہاہے . فورٹ منرو میں تجاوزات کاخاتمہ کر دیاگیاہے . واٹر سپلائی کیلئے کمرشل اور گھریلو صارفین کی رجسٹریشن کر لی گئی ہے .
فورٹ منرو میں 15جنوری کو کئی فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی او ربرفباری دیکھنے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد نے فورٹ منروکا رخ کیا . فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیاحوں کی توجہ مبذول کرانے کیلئے بھی اہم اقدامات کر رہی ہے . اہم قومی ایام پر علاقائی و ثقافتی جھومر ، تلوار رقص سمیت دیگر روایتی مقابلوں کا انعقاد کیاجارہاہے عید الفطر پر تقریبا اڑھائی لاکھ سیاحوں نے فورٹ منرو کارخ کیا اور تقریبا سے محظوظ ہوئے . حکومت پنجاب اور ضلع انتظامیہ 14اگست کو بھی جشن آزادی شاندار طریقے سے منانے کیلئے فورٹ منرو میں شاندار پروگرام ترتیب دے رہی ہے . فورٹ منرو کے تمام روٹس پر ٹریفک کی روانی کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں .
فورٹ منروسمیت علاقہ کی ترقی کیلئے ایک اہم پراجیکٹ پر بھی کام کیا جارہاہے جو اپنی نوعیت کے حوالے سے جنوبی ایشیا کا واحد پراجیکٹ شمار ہو گا . جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) او راین ایچ اے کے تعاون سے تقریبا 24ارب روپے کی لاگت سے 33کلو میٹر کشادہ روڈتعمیر کیا جائے گا . راکھی گاج تا بواٹا براستہ فورٹ منرو حائل پہاڑی سلسلوں کو کاٹ کر او رکھائیوں پر طویل سٹیل پل تعمیر کیے جائیں گے او رسٹیل برجز کیلئے جاپان میں کام کیا جاری ہے . روڈ پنجاب اور بلوچستان صوبوں کو ملانے کے ساتھ ساتھ واہگہ تفتان لاہو رکوئٹہ ، ایسٹ ویسٹ کوریڈور کا تقریبا 200کلومیٹر فاصلہ کم کرے گا . منصوبہ کی تکمیل کیلئے تین سال کا وقت مقرر کیاگیاہے . منصوبہ کی تکمیل سے براستہ فورٹ منرو محفوظ سفر کے ساتھ ساتھ علاقہ کی تعمیر و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی . بھاری کنٹینرز کی محفوظ نقل و حرکت کو ممکن بنایا جاسکے گا.
کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ ، ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم ، رکن صوبائی اسمبلی و چیف لغاری ٹرائب سردار محمد جمال خان لغاری ، ڈائریکٹر جنرل فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسفند یار جنجوعہ ، کمانڈنٹ بی ایم پی جمیل احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس و پلاننگ انعم حفیظ سمیت دیگر افسران نے فورٹ منرو کو گرین اور جاذب نظر بنانے کیلئے اہم مقامات پر جا کر دیودار ، پائن سمیت دیگر پودے لگائے اور شجرکاری مہم کا افتتاح کیا. عوام کو ترغیب دینے کیلئے مہم جاری ہے . فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت متعلقہ محکمو ں کے تعاون سے تقریبا 50ہزار پودے لگائے جائیں گے .
فورٹ منرو جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور دیگر علاقوں کیلئے مری کا درجہ رکھتا ہے . جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے فورٹ منرو میں ہرممکن سہولیات میسر ہوں گی . ضرورت اس امرکی ہے کہ قبائلی عمائدین افسران کے ساتھ تعاون کریں اور علاقہ کو پرکشش سیاحتی و تفریحی مقام بنانے کیلئے انفرادی و اجتماعی سطح پر کردار ادا کیا جائے . فورٹ منرو میں سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد سے مقامی لوگوں کو روزگار میسرآئے گا.