عوامی فلاح وبہبود کے جاری 38ترقیاتی منصوبوں پر 1ارب 39کروڑ 37لاکھ روپے سے زائدرقم خرچ کی جارہی ہے
ناقص میٹریل کا استعمال اور سست روی کا مظاہرہ کرنے والے کنٹریکٹر ز کو بلیک لسٹ کر دیا جائیگا۔ ڈی سی او واجد علی شاہ
لیہ (صبح پا کستان)ضلع لیہ میں عوامی فلاح وبہبود کے جاری 38ترقیاتی منصوبوں پر 1ارب 39کروڑ 37لاکھ روپے سے زائدرقم خرچ کی جارہی ہے۔یہ بات ممبر صوبائی اسمبلی قیصر عباس خان مگسی کی زیر صدارت ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی
کے اجلاس میں بتائی گئی۔اس مو قع پر ڈی سی او واجد علی شاہ،اے ڈی سی نعیم اللہ بھٹی،ڈی اوسی محبوب احمد،ای ڈی او فنانس سردار محمد جٹیال،اے سی لیہ عابد کلیار،جی اے آر ارشد احمد وٹو،ای ڈی او ورکس راجہ لہراسب،ڈی او پلاننگ عرفان انجم ودیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فتح پور میں سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کیا جارہا ہے جس پر 6کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئے گی اسی طرح چوک اعظم میں سپورٹس سٹیڈیم پر 7کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں اور8کروڑ روپے کی لاگت سے چوک اعظم میں عوامی تفریح کے لیے پارک تعمیر کیاجائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فتح پور میں ٹی ایچ کیو لیول ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور چلڈرن کمپلیکس کی تعمیر پر 26کروڑ 63لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی جارہی ہے اور اس منصوبہ پر 90فی صد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔اجلاس میں پرونشل بلڈنگ کی 9سکیموں کا جائزہ لیا گیا اور ریسکیو 1122کے دو نئے اسٹیشن چوبارہ اور کروڑ کے قیام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا پبلک ہیلتھ کی 14سکیموں کے تحت چوک اعظم اور لیہ میں ٹف ٹائل کی تنصیب اور سیوریج کے لیے 20کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام کے تحت سڑک کی ایک سکیم مکمل کر لی گئی ہے جبکہ فیز تھری کا ایک سکیم پر کام جاری ہے۔ایم پی اے قیصر عباس مگسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں عوام کی امانت ہیں اور ان کی اعلی معیار کے ساتھ بروقت تعمیر کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصاًتعلیمی اداروں کی سکیموں پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ طلباء ایک اچھے اور پرسکون ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں انہوں نے مزید کہا کہ خادم پنجاب دیہی دوڑپروگرام کے تحت تعمیر ہونے والی سڑکوں میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا انہوں نے ہدایت کی کہ مکمل سکیموں کا معائنہ کیاجائے اور اگر ناقص سکیموں کا استعمال ثابت ہو تو کنٹریکٹر کو ادائیگی نہ کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کے اطراف میں ڈرینج کا سسٹم بنایا جائے اور شجر کاری بھی کی جائے۔اجلاس سے ڈی سی او واجد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جاری سکیموں کا معائنہ کیا جائے اور انہیں رپورٹ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ناقص میٹریل کا استعمال اور سست روی کا مظاہرہ کرنے والے کنٹریکٹر ز کو بلیک لسٹ کر دیا جائے اور متعلقہ افسران تعمیرومرمت کے کام خود معائنہ کریں۔ڈی سی او نے مزید کہا کہ لیہ کو مثالی ضلع بنانے کے لیے افسران محنت اور دیانت داری سے فرائض سرانجام دیں۔