لیہ (صبح پا کستان)خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت ضلع لیہ میں 137کلومیٹر سے زائد طویل سڑکوں کی تعمیر پر1ارب 6کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی جن میں سے 102کلومیٹر طویل تین سڑکات 80کروڑ روپے سے زائد لاگت سے مکمل کی جاچکی ہیں۔یہ بات ایم پی اے چودھری اشفاق احمد کی زیر صدارت منعقدہ ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری براے داخلہ مہر اعجاز احمد اچلانہ ،ڈی سی او واجد علی شاہ ،ای ڈی او فنانس سردار محمد جٹیال،ای ڈی او ورکس راجہ لہراسب خان،ڈی او پلاننگ محمد عرفان ودیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس میں ملٹی میڈیا کے ذریعے ڈی او پلاننگ نے خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرامز کے تحت رواں مالی سال کے دوران پختہ سڑکات کے 137منصوبہ جات 1090.17کلومیٹر طویل 7008.52ملین روپے کی لاگت سے نئی سڑکات کے 6منصوبہ جات جن کا تخمینہ 1725ملین روپے لگایا گیا ہے اور تعمیر شدہ 102.25کلومیٹر طویل 3سڑکات 80کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہیں کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سیکنڈ فیز میں 35.5کلومیٹر طویل چک نمبر 138ٹی ڈی اے تا چک نمبر 146ٹی ڈی اے تک کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے اسی طرح فیض آباد تا ہیڈ ویرڑی کی تعمیر ومرمت ،کروڑ تا لسکانی والا روڈدس کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و مرمت و پختگی 6کروڑ روپے سے زائد رکھی جانے والی رقم کے بارے میں بھی بریفیگ دی گئی۔ایم پی اے چودھر ی اشفاق احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا خادم پنجاب دیہی روڈ نیٹ ورک کی توسیع سے دیہی علاقوں کی عوام اور کاشت کاروں کو فارم ٹو مارکیٹ روڈز تک رسائی آسان ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان سڑکو ں کی تعمیر سے اجناس کی مارکیٹوں میں بروقت رسائی کے ساتھ ساتھ اخراجات میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوگی جس سے کاشت کار معاشی طور پر خوش حال ہوں گے۔ڈی سی او واجد علی شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی تما م سکیموں میں اعلی معیار کے تعمیرائی میٹریل کو استعمال کرتے ہوئے مکمل کیا جائے تاکہ ترقی کے ثمرات سے عوام جلد مستفید ہوسکیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کے اطراف میں شجر کاری اور نکاسی آب کا موثر انتظام کیاجائے تاکہ سڑکیں دیر پا ثابت ہوں اورپانی کی وجہ سے خراب نہ ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ناقص میٹریل کا استعمال کرنے اور سست روی کا شکار کنٹریکٹرز کو شوکاز نوٹس دے کر بلیک لسٹ کر دیا جائے۔ممبران اسمبلی مہر اعجاز احمد اچلانہ ،سید ثقلین شاہ بخاری نے چوک اعظم بائی پاس کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو تعمیرو مرمت کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ قومی سرمایہ کے ضیاع اور سستی اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔مزید براں انہوں نے کہا کہ ضلع لیہ کی تعمیر وترقی کے لیے ایم ایم روڈ کو دورویہ کرنے ،کینسر ہسپتال و کیڈٹ کالج کی تعمیر جیسے دور رس نتائج کے حامل منصوبوں کے اجراء کے لیے سفارشات وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو جلد پیش کی جائیں گی۔