ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ پاکستان لازوال قربانیوں کی طویل داستان ہے اس موقع پر ایک کروڑ انسانوں نے ہجرت کی. انہوں نے ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل ڈیرہ غازیخان کے آڈیٹوریم میں ملک کے 70ویں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ڈیرہ غازیخان کی مرکزی تقریب سے خطاب کے دوران کیا. کمشنر نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات میں عوام کی پرجوش شرکت مادر وطن سے لازوال محبت کی شہادت دیتی ہے . اس موقع پرآر پی او رحمت اللہ خان نیازی ، ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم ، رکن قومی اسمبلی شہناز سلیم ، ایم پی ایزسید عبدالعلیم شاہ، بیگم نجمہ ارشد ،میئر شاہد حمید چانڈیہ ، ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد ، آرڈی آرٹس کونسل اظفر ضیاء سمیت دیگر محکموں کے افسران ، بوائز سکاوٹس ، تعلیمی اداروں کے طلباؤطالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین شہر اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی. قبل ازیں جشن آزادی کے سلسلے میں پروقار ریلی ڈپٹی کمشنر ہاوس سے شروع ہوئی جو آرٹس کونسل بلڈنگ پر اختتام پذیر ہوئی . ریلی میں مختلف سرکاری و دیگر اداروں کے حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی. گاڑیوں کو بینرز اور سبز ہلالی پرچموں سے سجایاگیا تھا . جشن آزادی کی مرکزی تقریب کا آغاز آٹھ بجکر اٹھاون منٹ پر سائرن ، ایک منٹ کی خاموشی اور پرچم کشائی سے ہوا . اس موقع پر پنجاب پولیس ، بوائز سکاوٹس ، بلوچ لیوی او رپولیس بینڈ نے سلامی اور گارڈ آف آنرپیش کیا . سکول اور کالج کی طالبات نے قومی ترانہ پیش کیا. تقریب سے اراکین اسمبلی مسز شہناز سلیم ، سید عبدالعلیم شاہ ، بیگم نجمہ ارشد ، ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم ، میئر شاہد حمید چانڈیہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے قیام اور تحریک پاکستان کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی او رجشن آزادی کے پروگرام میں عوام کی بھر پور شرکت کو سراہا . تقریب میں ملی نغمے ، ٹیبلوز اور تقاریر کے ذریعے حب الوطنی کے جذبات کی بھر پو ر عکاسی کی گئی . ڈویژنل پبلک سکول و کالج کے طلباؤطالبات نے ملی نغمہ پیش کیا . گورنمنٹ ہائی سکول خیابان سرور کی طالبہ اسوہ فاطمہ جبکہ سنٹر آف ایکسی لینس کی طالبہ لائبہ سجاد نے انگریزی میں تقاریر کر کے سامعین سے داد وصول کی . اس موقع پر رنگا رنگ پروگرام پیش کیے گئے .