ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)کنسلٹنٹ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ملتان لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید باقر احسن نے ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے وفاقی محکموں سے متعلق موصول شدہ شکایات کی سماعت کی .میپکوکے خلاف 19شکایات پر ریلیف دیاگیا. میپکو کی طرف سے ایکسیئن عمران مجید ، ایس ڈی اوز اشفاق احمد اور ثقلین نے نمائندگی کی . ندیم اختر کی شکایت پر مدرسہ کو بجلی کے بل میں چارج کی گئی پی ٹی وی فیس فوری طو رپر واپس لے لی گئی . راجن پور کے امان اللہ کی شکایت پر 12347روپے کا ریلیف دیاگیا. حاجی محمد کی شکایت پر لوڈ کے مطابق بل کو دو دن کے اندر درست کرنے کی یقین دہانی کی گئی . اسی طرح نو شکایات کو میپکو افسران کے جائز قرار دیتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی . دیگر شکایات کو بھی میرٹ کے مطابق ایک ہفتے کے اندر نمٹا دیا جائے گا. کنسلٹنٹ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید باقر احسن نے زائد ریڈنگ کے کیسز میں سائلین اور محکمہ کے افسران کو میٹر کی تصاویر ساتھ لانے ، ڈائریکٹ سپلائی او ر کنڈی سے بجلی چوری کے ثبوت کیلئے ویڈیوز سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرنے کی ہدایات جاری کیں. انہوں نے کہاکہ جائز شکایات کے فوری ازالہ اور بدعنوان ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی جاری رہے گی . انہو ں نے کہاکہ آئندہ سماعت نومبر کے پہلے ہفتے میں ہو گی . وفاقی محکموں سے متعلق شکایات وفاقی محتسب دفتر ملتان میں بھجوائی جاسکتی ہیں تاہم سماعت ڈیرہ غازیخان میں ہو گی.