ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھا انجم نے کہا ہے کہ معاشرے کی ستائی غریب و نادار خواتین کی دیکھ بھال ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے دارالامان کا قیام عمل میں لایاگیا ہے . ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ افسران اور سٹاف خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر سروسز فراہم کرے. انہوں نے یہ بات سوشل ویلفیئر کمپلیکس ڈیرہ غازیخان میں مقیم پانچ خواتین میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے عید گفٹ تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد اقبال مظہر، انچارج دارالامان زرینہ بی بی سمیت دیگر افسران موجودتھے . ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے ہدایت کی کہ دارالامان میں مقیم خواتین کو گھر جیسا ماحول فراہم کیاجائے . ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فارو ق احمد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایاکہ دارالامان میں25سے 30خواتین کی گنجائش ہے مگراس وقت پانچ خواتین موجود ہیں جنہیں قیام و طعام سمیت طبی و دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں .ڈپٹی کمشنر نے خواتین میں میں عید گفٹ تقسیم کیے اور ان سے فراہم سہولیات بارے استفسار کیا .