ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)چیئرمین مدنی دسترخوان پنجاب حاجی محمد نواز نے کہا ہے کہ دسترخوان پر آنے والا اللہ تعالی کا مہمان ہوتاہے . مسکینوں اور حاجت مندوں پر خرچ کرنے والوں کو دنیا میں دس گنا ملنے کے ساتھ آخرت میں اجر عظیم ملتا ہے . مخلوق کی خدمت کر کے اللہ تعالی کو راضی کرنا ہے ہر فرد حسب توفیق اللہ تعالی کی راہ میں خرچ کرنے کا عہد کرے تو دنیا و آخرت سنواری جا سکتی ہے . مخیر حضرات کے تعاون سے صوبہ بھر میں 20ہزار سے زائد مدنی دسترخوان یکم رمضان سے شروع کر دیئے جائیں گے. انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد اقبال مظہر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالشکور ، اسسٹنٹ کمشنر خالد محمود گوپانگ، ڈی او انڈسٹریز محمد طارق ولی ، ڈی ایف سی محمد عمران ، ڈی ایم او غلام یاسین ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد خلیل کے علاوہ محمد ابراہیم ، ملک محمدا کرم ، عطااللہ ، ڈاکٹر نجمہ شاہین کھوسہ ، شیخ نقیب احمد ، غیر سرکاری تنظیموں ، تاجربرادری ، کیمسٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے اور مخیر حضرات موجود تھے . چیئرمین مدنی دسترخوان حاجی محمد نواز نے کہا کہ بس سٹینڈ ریلوے سٹیشن ، ہسپتال ، پٹرول پمپ ، فیکٹریوں ، مساجد ، عبادت گاہوں اور دیگر عوامی مقامات پر مدنی دسترخوان لگائے جائیں جس کیلئے اہل ثروت افراد کو ترغیب دینے کیلئے پہل کی جائے .