ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں سبسڈی کے ثمرات غریب عوام تک پہنچائے جائیں گے . بہتر سہولیات اور انتظامات کویقینی بنایا جائے . چاروں اضلاع میں رمضان بازار 24مئی سے فنکشنل ہونے چاہئیں . انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . کمشنر نے کہاکہ ہر رمضان بازار میں خواتین اور بزرگوں کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں . شکایات سیل کے علاوہ ضلعی کنٹرول رومز فنکشنل کیے جائیں . رمضان بازاروں کے علاوہ اتوار ؍جمعہ بازار اور سہولت سنٹرز قائم کیے جائیں سحری و افطاری کیلئے اہم اور مصروف مقامات پر مدنی دسترخوا ن لگائے جائیں . اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے ذخیرہ اندوزوں کے موثر کارروائی ہونے چاہیئے . ڈپٹی کمشنرز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردونوش کے نرخ از سر نو متعین کریں . رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے. اجلاس کو بتایاگیاکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 23رمضان بازار قائم کیے جا رہے ہیں جن میں ضلع ڈیرہ غازیخان میں چار ، راجن پور میں پانچ ، لیہ میں چھ او رمظفرگڑھ میں آٹھ رمضان بازار قائم کیے جائیں گے . ہر رمضان بازار میں محکمہ زراعت کی زیر نگرانی فیئرپرائس شاپس بھی قائم کی جائیں گی جہاں سیب ، کیلے ، بیسن ، کھجور سمیت پانچ اشیاء پر سبسڈی اور دیگر سات اشیاء ہول سیل نرخ پر دستیاب ہو ں گی . رمضان بازاروں میں پھلوں اور سبزیوں کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے سبزی منڈیوں میں نیلامی کی نگرانی کی جائے گی. ہر رمضان بازار کیلئے فوکل پرسن مقرر کیے گئے ہیں . اجلاس میں ڈیرہ غازیخان ، راجن پو ر، لیہ اور مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز بالترتیب اللہ رکھا انجم ، اشفاق احمد ، سید واجد علی شاہ اور سیف انور کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفر ضیا ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل سیف الرحمن سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے .