ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں وزیر اعظم کے ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت مالی سال 2016-17کی سکیموں کیلئے دو ارب 40کروڑ روپے مختص کر کے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں ہر حلقہ کیلئے علیحدہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں . رکن قومی اسمبلی دس کروڑ روپے او ر رکن صوبائی اسمبلی پانچ کروڑ روپے تک کی سکیمیں دے سکتے ہیں تاہم پہلے سے منظور، مکمل ، زیرتعمیر اور کاغذوں میں مکمل ظاہر ہونے والی سکیموں کو شامل نہیں کیا جائے گا. ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے قومی و صوبائی حلقوں سے ایک ارب 92کروڑ 48لاکھ روپے کے ابتدائی تخمینہ سے 737سکیمیں تجویز کر دی گئی ہیں . یہ بات کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اللہ رکھا انجم کی زیر صدارت اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی . کمشنر نے کہاکہ فنڈز جون 2017تک خرچ کرنے ہوں گے . تجویز کردہ سکیموں کی ترجیحات ، تخمینہ ، فزیبلٹی سٹڈی اور دیگر ضروری کارروائی 14مارچ تک مکمل کر کے کمشنر آفس کو بھجوائی جائے . منظوری کے دیگر مراحل کیلئے سکیمیں 15مارچ تک صوبائی پلاننگ و ڈویلپمنٹ محکموں کو بھجوائی جائیں گی . کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہاکہ اراکین اسمبلی اور متعلقہ محکموں کے سربراہان سکیموں کی ترجیحات اور تکمیل کی حتمی تاریخ تحریری صورت میں جمع کرائیں گے جس کے بعد متعلقہ سکیموں کیلئے مزید فنڈز نہیں دیئے جائیں گے اور دی گئی ڈیڈ لائن سے قبل منصوبوں کو مکمل کرایاجائے گا. کمشنرآفس کی طرف سے متعین کردہ افسران سکیموں کی نگرانی کریں گے . اجلاس کو بتایاگیاکہ بجلی ، گیس ، سوشل ، میونسپل اور ا نفراسٹرکچر سیکٹرز کے تحت تعلیمی اداروں اورمراکز صحت کی اپ گریڈیشن ، پہلے سے موجود متذکرہ پانچ سیکٹرز کی عمارتوں کی از سر نو تعمیر ، ڈرین ، سولنگ ، ٹف ٹائلز ، پل ، سیوریج ، واٹر سپلائی ، روڈز کی تعمیر ، مرمت و بحالی کی سکیمیں تجویز کی جاسکتی ہیں . اجلاس میں ایم این اے حفیظ دریشک ، اراکین اسمبلی کے نمائندے ملک سلیمان ہنجرا ، عمران شاہ، رضوان خان کے علاوہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و فنانس اظفر ضیاء ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ انعم حفیظ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس وسیم اختر جتوئی ، ایس ای پراونشل ہائی و بلڈنگز شفاقت حسین کے علاوہ ڈویژن بھر سے متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے .