یرہ غازی خان( صبح پا کستان) ۔ سابقہ ٹی ایم اے ڈی جی خان کے 23 برطرف ورک چارج ملازمین نے میونسپل کارپوریشن کی ملکیتی واٹر سپلائی سکیموں کو تالے لگا کر ٹیوب ویل بند کردئیے اورڈیوٹی پر تعینات ٹیوب ویل آپریٹر ز کو زدو کوب کرکے واٹر سپلائی سکیموں پر قبضہ کرلیا، واٹر سپلائی سکیموں کی بندش سے شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی متاثر ۔کارسرکار میں مداخلت اور امن و عامہ کے مسائل پیدا کرنے والے برطرف 23 ورک چارج ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس کو تحریری طورپر آگاہ کردیا گیا ہے۔کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے غیر قانونی اقدام کرنے والے سابقہ ورک چارج ملازمین اور ان کی سرپرستی کرنے والے سیاسی عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کریں گے۔شاہد حمید چانڈیہ میئر ڈی جی خان
میونسپل ایڈمنسٹریشن کے میڈ یا سیل کی جانب سے جاری کئے گئے ایک پریس ریلیز کے مطا بق گذشتہ روز سابقہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے برطرف کئے گئے 23 ورک چارج ملازمین نے مشتاق احمد ، غلام فرید، محمد عمر، جعفر حسین وغیرہ کے ہمراہ جامپور روڈ شوریہ کینال اور سمینہ روڈ شوریہ کینال پر واقع میونسپل کارپوریشن کے ملکیتی 18 عدد واٹر سپلائی سکیموں کے ٹیوب ویلز کو زبر دستی بند کرکے وہاں تالے لگادئیے اور ڈیوٹی پر تعینات عملے کو زد وکوب کرکے بھگادیا ۔اس غیر قانونی اقدام کے خلاف میئر میونسپل کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ کی ہدایت پر سب انجینئر محمد زبیر بھٹہ کی مدعیت میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کو درخواست گذاری گئی ہے جس میں مذکورہ افراد کے خلاف کارسرکار میں مداخلت اور امن و عامہ کے مسائل پیدا کرنے کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے کہا گیا ہے۔میئر شاہد حمید چانڈیہ نے کہا ہے کہ سابقہ ٹی ایم اے ڈی جی خان کے ان 23 ورک چارج ملازمین کو حکومتِ پنجاب نے مارچ 2017 میں تحریری حکم کے ذریعے ملازمت سے برطرف کردیا تھا اور انہیں مارچ 2017 تک کی تمام تر ادائیگیاں کی جاچکی تھیں ۔بد قسمتی سے لغاری گروپ سے تعلق رکھنے والے یوسی چیئرمین اللہ ڈتہ لغاری کی آشیرباد اور سرپرستی کے باعث ان سابقہ ملازمین نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی اور شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کرنے والے ٹیوب ویلز کو بند کرکے وہاں پر تعینات میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو زدوکوب اور ہراساں کیا جس سے نا صرف شہریوں کو پانی کی فراہمی کی معطل ہوئی ہے بلکہ کارسرکار میں مداخلت اور امن و عامہ کے مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں۔ میئر کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت دھونس و دھاندلی برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی قسم کی سیاسی بلیک میلنگ میں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں ورنہ عوام اپنے حقوق کا استحصال کرنے والوں کا کڑا محاسبہ کرے گی۔