ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان شیخ امجد حسین نے کہا ہے کہ میٹرک سالانہ امتحان یکم مارچ سے شروع ہو گا جس میں 67000امیدواروں کی شرکت متوقع ہے . چاروں اضلاع میں 219سنٹرز بنائے گئے ہیں جن میں 105بوائز 75گرلز اور 39مشترکہ مراکز ہوں گے . رولنمبر سلپ کی ترسیل 15فروری تک مکمل کر لی جائے گی . ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین کے مراسلہ کے مطابق تمام ریگولر امیدوار اپنے ادارہ سے رولنمبر سلپ حاصل کریں گے تاہم پرائیویٹ امیدوار وں کی رولنمبر سلپس داخلہ فارم پر دیئے گئے پتہ پر ارسال کی جائیں گی . 15فروری کے بعد 800295 پر ایس ایم ایس کر کے امتحانات کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکے گی . انہوں نے بتایاکہ جن امیدواروں کو بورڈ کی طرف سے اعتراضاتی خطوط بسلسلہ کمی فیس ، این او سی ، تبدیلی مضمون ، یا تصدیق موصول ہوئے ہوں تو وہ اعتراضات دور کرا کے رولنمبر سلپس حاصل کر سکتے ہیں . انہوں نے بتایاکہ ریگولر امیدواررولنمبر سلپ آن لائن بھی حاصل کرسکیں گے تاہم پرائیویٹ امیدواروں کو بورڈ کی طرف سے باقاعدہ سلپس پر ہی امتحان میں بیٹھنے کی اجازت ہو گی . بغیر رولنمبر سلپ یا فوٹو کاپی پر امتحان دینے کی اجازت نہیں ہو گی . انہوں نے بتایاکہ میٹرک کے نمبر بہتر کرنے کی غرض سے دوبارہ امتحان میں شریک ہونے والے امیدوار پہلے سے پاس شدہ سکیم آف سٹڈیز کے مطابق امتحان دیں گے. یکم مارچ سے 16مارچ تک دہم ، 17مارچ سے 3اپریل تک نہم کے امتحانات ہوں گے . پریکٹیکل کا انعقاد 5اپریل سے 20ا پریل تک کیا جائے گا. نہم امتحان کیلئے رولنمبر سلپس کا اجراء 10مارچ تک مکمل کر لیاجائے گا. ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے کہاکہ رولنمبرسلپس نہ ملنے کی صورت میں امیدوار 25فروری سے 28فروری تک بورڈ سے ڈوپلیکیٹ سلپس حاصل کرسکتے ہیں . انہوں نے بتایاکہ تین گنا فیس کے ساتھ داخلہ بھجوانے والوں کو متعلقہ ضلعی ہیڈکوارٹر کا امتحانی سنٹر الاٹ کیا جائے گا. مزید معلومات کیلئے دفتر بورڈ سے رجوع کیاجاسکتا ہے .