ڈیرہ غازی خان(صبح پا کستان) میونسپل کارپوریشن کا اجلاس۔ عیدالضحیٰ کے موقع پر کارپوریشن کی حدود سے الائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے ماسٹر پلان کی منظوری ،شہریوں می 16 ہزار پولی تھن بیگ تقسیم کئے جائیں گے۔ شہر کو چار زون میں تقسیم کردیا گیا ہے ۔شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول روم قائم 24 گھنٹے عملہ تعینات رہے گا ۔متعلقہ آفیسران اور عملہ کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ۔صفائی ستھرائی کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔میئر ڈی جی خان کارپوریشن کے اجلاس سے خطاب ۔مزید تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کا ماہانہ اجلاس ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سابقہ اجلاس میں کی کاروائی کی توثیق کی گئی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ نے ایوان کو بتایا کہ عید الضحیٰ کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر بھر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے ماسٹر پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے مطابق شہر کو 4 زون میں تقسیم کرکے قربانی کے جانوروں کی الائشوں کواکٹھا کرنے اور انہیں بروقت تلف کرنے کیلئے شہر کے14 مختلف مقامات پر کیمپ قائم کئے جائیں گے اور شہریوں کو اپنی قربانی کے جانوروں کی الائشوں اورفاضل مادوں کو اکٹھا کرکے میونسپل کارپوریشن کے کیمپوں یا کوڑا دانوں تک پہنچانے میں آسانی کیلئے 40 کلو گرام اور 25 کلوگرام وزن کی گنجائش والے 16 ہزار پولی تھن بیگوں کی فراہمی کی جارہی ہے شہر بھر کے یوسی چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے ذریعے یہ پولی تھن بیگ عوام الناس تک پہنچائے جائیں گے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ نے مزید کہا کہ شہر میں الائشوں تلفی اور صفائی سے متعلق عوامی رابطے اور شکایات کے اندراج کیلئے میونسپل کارپوریشن نے ایمرجنسی کنٹرول سیل قائم کردیا گیا ہے جس پر عملہ 24 گھنٹے تعینات رہے گا ۔عوام الناس ایمرجنسی کنٹرول سیل کے نمبر 064-9260553 پر اپنی شکایت اندراج کرواسکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ عیدا لضحیٰ کے موقع پر ڈی جی خان شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے متعلقہ آفیسران اور عملہ کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ۔شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے میئر ڈی جی خان نے کہا کہ عوام ڈی جی خان شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے کارپوریشن کے عملہ سے تعاون کریں اور اپنی قربانی کے جانوروں کی الائشوں ادھراُدھر پھینکنے کی بجائے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے فراہم کردہ پلاسٹک پولی تھن بیگ کا استعمال کریں۔میونسپل کارپوریشن کے معزز ایوان نے عید الضحیٰ کے موقع پر الائشوں کی تلفی کے حوالے سے بنائے گئے ماسٹر پلان کو سراہتے ہوئے اس کی متفقہ طورپر منظور دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر کارپوریشن شیرباز خان بزدار نے قراراداد پیش کی جس میں ڈیرہ غازی خان نادرا سنٹر میں خواتین کیلئے علیحدہ شناختی کارڈ آفس قیام کا مطالبہ کیا گیا، معزز ایوان میں موجود تمام اراکین نے ممبر میونسپل کارپوریشن شیرباز خان بزدار کی جانب سے پیش کی جانے والے قرارداد کو متفقہ طورپر منظور کرلیا۔اجلاس سے میونسپل کارپوریشن کے اراکین ملک فہیم امجد، سردار ناظم الدین بزدار ، ملک اللہ ڈتہ بھمبھمانی ،ظفر طاہر مستوئی، حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ، سرور صدیقی،دلاور شاہ ،شیخ عمران حمید سنامی ،شاہد مشتاق بغلانی، سید عمران شاہ، سلیم الیاس اور سرمد سلیم خوجہ نے بھی خطاب کیا۔