ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہر اور ہر یونین کونسل کی ون ٹائم جامع صفائی کرائی جائے گی جس کیلئے ہر یونین کونسل کو ایک ، ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے . کوڑا کرکٹ او رگندگی کے ڈھیر اٹھا کر آبادی ، سڑک ، مسجد ، تعلیمی اداروں اور دیگر مصروف عوامی مراکز سے دور تلف کیا جائے گا. ڈمپنگ سائٹ کافیصلہ ڈپٹی کمشنر کریں گے . لوکل گورنمنٹ کے زیر انتظام سکیموں کی نشاندہی او رتکمیل کیلئے بھی ٹائم لائن دے دی گئی ہے یہ بات اراکین اسمبلی کی تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی . پہلے سیشن کی صدارت وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم اور دوسرے سیشن کی صدارت ایم این اے سردار امجد فاروق کھوسہ نے کی . ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم جنید ، ایم این اے مسز شہناز سلیم ، اراکین صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ ، ممتاز بھٹو قیصرانی، بیگم نجمہ ارشد ، میئر کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ ، چیئرمین ضلع کونسل سردار عبدالقادر خان کھوسہ ، مسلم لیگی رہنما میر مرزاتالپور سمیت چیئرمین یونین کونسلز اور متعلقہ افسران موجود تھے . وفاقی وزیر نے میپکو سکیموں کی تکمیل میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دو مراحل کی سکیمیں 30دسمبر 2017تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی . اجلاس میں بتایا گیاکہ حکومت پنجاب نے لوکل گورنمنٹ کی سکیموں کی نشاندہی او رتکمیل کیلئے ڈیڈ لائن دے دی ہے .مانیٹرنگ کیلئے صوبائی ضلع اور تحصیل سطح کی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں .ضلعی کمیٹی کے کنوینر چیئرمین ضلع کونسل اور تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر ہوں گے . لوکل گورنمنٹ کے تحت 15نومبر تک سکیموں کی نشاندہی 25نومبر تک ڈپٹی کمشنر کو فنڈز منتقل ہوں گے . سکیموں کی ڈی ڈی سی کے ذریعے 30نومبر تک منظوری دی جائے گی اور سات دسمبر تک متعلقہ محکمے کو فنڈز دیئے جائیں گے . سکیموں کی تکمیل 28فروری تک ہو گی . ڈپٹی کمشنر کی تصدیق اور تصویری ریکارڈ کے بعد متعلقہ تعمیراتی کمپنی کو ادائیگی کی جائے گی.اجلاس میں بتایاگیاکہ اے ڈی پی 2017-18کے تحت ضلع ڈیر ہ غازیخان میں 163نئے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے جن پر ساڑھے 11ارب روپے خرچ ہوں گے . 160منصوبوں کے 50فیصد فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں . ایم این اے سردار امجد فاروق خان کھوسہ نے تحصیل صدر ہسپتال تونسہ کے ٹراما سنٹر کو فوری فنکشنل کرنے کی ہدایات جاری کیں . بتایا گیا کہ ٹراما سنٹر کا تعمیراتی کام مکمل کر کے مشینری پہنچا دی گئی . موجودہ افرادی قوت کے ذریعے ٹراما سنٹر کو فنکشنل کیا جائے. تونسہ کے سپورٹس سٹیڈیم ، دانش سکول اور چڑیا گھر کی تکمیل کیلئے بھی ہدایات جاری کی گئیں. اجلاس میں بتایاگیاکہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے چھٹے مرحلے کیلئے گائیڈ لائن دے دی گئی ہے . دیہی علاقوں کی کم سے کم پانچ کلو میٹر لمبائی ، دس سے بارہ فٹ چوڑائی والی سکیموں کو شامل کیاجائے گا. اجلاس میں اے ڈی سی جی و ریونیو میاں محمد اقبال مظہر مہار ، اسسٹنٹ کمشنرز شاہد عباس کاٹھیہ ، عبدالجبار ، اے ڈی سی فنانس سرفراز مگسی ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سہیل روف سمیت متعلقہ افسران موجود تھے .