ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہا ہے کہ سیلاب کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے چوکس رہیں او راپنے انتظامات مکمل رکھیں . میونسپل کارپوریشن و کمیٹیاں ، ریسکیو 1122، ہیلتھ ، زراعت ، انہار ، ہائی ویز اورتعلیم سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو اپنا فلڈ فائٹنگ پلان اور آپریشنل مشینری و آلات کی تفصیلات ایک ہفتے اندر بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے . محکمہ انہار کو جھکڑ امام شاہ ، جے ہیڈسپر، بستی رنداں سپر اور گجانی جے ہیڈسپرکا کام مکمل کرنے کیلئے 30مئی کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے . ان اقدامات کافیصلہ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت سیلاب کے انتظامات سے متعلق منعقدہ اجلاس میں کیاگیا. اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد اقبال مظہر ، پولیٹیکل اسسٹنٹ بابر بشیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالشکو ر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ محمد سرفراز مگسی ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ غازیخان خالد محمود گوپانگ ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ عبدالجبار ، اسسٹنٹ کمشنر تونسہ عبدالغفار کے علاوہ محکمہ انہار ، ہیلتھ ، زراعت ، ریسکیو 1122، تعلیم ، میونسپل کارپوریشن و کمیٹیوں کے چیف افسروں نے شرکت کی . ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ دریائے سندھ اور رودکوہیوں میں پانی کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے او ران میں پانی کی آمد بارے تمام اداروں کو صحیح معلومات بروقت فراہم کی جائیں . اسسٹنٹ کمشنر اپنے علاقوں میں محکمہ انہار کے افسروں کے ہمراہ حفاظتی بندوں کا معائنہ کریں اور جو حفاظتی بند او رپشتے کمزور ہوں انہیں فوری طو رپر مضبوط کیا جائے نیز پانی کے راستوں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے جائیں . ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کی نشاندہی کی جائے اور وہاں کے لوگوں سے مسلسل رابطہ رکھاجائے. سیلاب سے محفوظ رہنے اور لوگوں کی جان ومال اور مویشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کا جائزہ لیا جائے تاکہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں اسے کام میں لایا جاسکے . ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو سیلاب سے متاثرہ افراد کی صحت کی دیکھ بھال ، سانپ کے کاٹنے کی ویکسین ، وبائی امراض سے بچاؤ کے ٹیکے و دیگر انسانی جان بچانے والی ادویات کے انتظامات مکمل کرنے، زراعت و لائیو سٹاک کو مویشیوں کی ویکسی نیشن اور چارہ کی فراہمی کیلئے اقدامات جبکہ ریسکیو 1122کو اپنی تمام مشینری ، آلات او ر عملہ 24گھنٹے الرٹ رکھنے اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملہ کی موکس ایکسرسائز کرانے کی بھی ہدایت کی . ایس ای انہار نے اجلاس کو بتایاکہ محکمہ انہار کی طرف سے فلڈ فائٹنگ مٹیریل موجود ہے جو ممکنہ سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد دے گا . انہوں نے بتایاکہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر15مئی سے فلڈ ایمرجنسی سیل کام شروع کر دے گا جس میں 24گھنٹے عملہ موجود رہے گا جو دریاؤں اور رودکوہیوں میں پانی کی صورتحال بارے معلومات فراہم کرے گا.