ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ پنجاب سردار قیصر عباس خان مگسی نے کہاہے کہ حکومت پنجاب شرح خواندگی بہتر کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے . پوزیشن ہولڈرز کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات کے ساتھ دیگر اقدامات کیے جارہے ہیں . انہوں نے یہ بات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز کی تقسیم او رنتائج کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب نے پوزیشن ہولڈرز اور ہونہار طلبہ کو معاشرے میں نمایاں مقام دینے کیلئے گارڈ آف آنرز کے ساتھ ساتھ اہم ملکی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے دورے کرائے . لیپ ٹاپ ، وظائف سمیت دیگر انعامات سے نوازا گیااو ریہ سلسلہ جاری ہے . ایم این اے سردار جعفر خان لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت تعلیم دوست اقدامات کر رہی ہے . اساتذہ پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ نوجوان نسل کی کردار سازی او رحب الوطنی پر توجہ دیں . رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے وزیر اعلی پنجاب سے منظوری لے لی گئی ہے اور اسی دور حکومت میں خواتین یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے . انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں تیسرے گرلز کالج کا افتتاح ایک دو روز کے اندر کر دیاجائے گا او رکلاسز اگست سے شروع ہوں گی . انہوں نے کہاکہ وہ وزیراعلی پنجاب سے سفارش کریں گے کہ آئندہ رزلٹ کی تقریب میں کسی سیاسی و انتظامی شخصیت کی بجائے پوزیشن ہولڈرز کی زیر صدارت تقریب منعقد کرائی جائے . ایم پی اے بیگم نجمہ ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس تقریب کو رزلٹ تقسیم کی بجائے شاباش تقریب کا نام دیتی ہیں . انہوں نے کہاکہ شاندار نتائج پر طلباؤطالبات کے ساتھ ساتھ والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں . چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنز پر بالترتیب چار لاکھ ، تین لاکھ اور دو لاکھ روپے جبکہ پوزیشن ہولڈرز سکولوں کے اساتذہ کو بھی دو لاکھ ، ڈیڑھ لاکھ اور ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جا رہاہے . انہوں نے کہاکہ بورڈ میں چھ کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں . بینولٹ فنڈ 13لاکھ سے بڑھا کر 42لاکھ روپے کر دیاگیاہے . بورڈ میں امتحانات کے انعقاد سے لے کر رزلٹ کی تیاری تک شفافیت کو برقرار رکھا جاتا ہے . تقریب سے کنٹرولر امتحانات چودھری مشتاق علی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا