ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈسٹرکٹ الیکشن کمشن کے زیر اہتمام میونسپل کارپوریشن میں ووٹرز ایجوکیشن کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیاجس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اصغر علی ڈاہا نے کہاکہ الیکشن کمشن پاکستان نے عام انتخابات 2018کی تیاری شروع کردی ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لائی جائے گی. نادرا سے جولائی 2016سے ستمبر 2017تک جاری کیے گئے شناختی کارڈ ز کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے . ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمشن او رنادرا کے تعاون سے ووٹرز کے اندراج سمیت دیگر متعلقہ امور کے بارے میں بل تیا رکرلیاگیاہے جو منظوری کیلئے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا. بل میں تجاویز پیش کی گئی ہیں کہ شناختی کارڈ کے اندراج کے وقت شہری سے فارم فل کرایاجائیگا کہ وہ اپنے مستقل یا موجودہ پتے پر ووٹ کا اندراج کراناچاہتے ہیں .اندراج کے بعد تین سال تک ووٹ کسی او رجگہ منتقل نہیں کیاجاسکے گا . نادرا کی طرف سے نئے جاری ہونے والے شناختی کارڈ کی معلومات کے مطابق ایجوکیٹرگھر گھر جا کر تصدیق کریں گے اور متعلقہ شہری کی خواہش پر موجودہ پتہ پر ووٹ کا اندراج کیاجائے گا.اجلاس سے ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد ، چیئرمین یونین کونسل ملک فہیم امجد ، میاں سلطان محمود ڈاہا ، طیبہ عزیز کے علاوہ چیف ایگزیکٹو العصر ترقیاتی تنظیم سید سجادحسین نقوی ، حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ ،سمیرا انصاری ، انجم حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا. دریں اثنا میونسپل کارپوریشن سے آگاہی ریلی کا بھی انعقاد کیاگیا .