ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ).ڈیر ہ غازیخان میں مویشی منڈی کی عمارت اور چار دیواری کی تعمیر ، بوائز ڈگری کالج چوٹی ز یریں میں بقیہ کام کی تکمیل کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے جن پر تقریبا ایک کروڑ 60لاکھ روپے خرچ ہوں گے . منصوبوں کی منظوری کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی . کمشنر نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین محمد پور کی عمارت کا منصوبہ متعلقہ رقبہ محکمہ ایجوکیشن کے نام منتقل کرنے اور ڈپٹی کمشنر راجن پو رکی طرف سے مجوزہ جگہ کا معائنہ کرنے تک ملتوی کر دیا . انہوں نے کہاکہ کالج اور روڈ کیلئے رقبہ پہلے محکمہ ایجوکیشن کے نام منتقل ہونا چاہیئے . کمشنر نے مویشی منڈی ڈیرہ غازیخان کے قیمتی رقبہ کو قبضہ مافیا سے بچانے کیلئے چار دیواری کی تعمیر کے علاوہ ضروری عمارت کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دی جس پر 74لاکھ 16ہزار روپے خرچ ہوں گے . بوائز ڈگری کالج چوٹی زیریں میں پارکنگ سٹینڈ ، روڈ کے برابر کالج کے خالی رقبہ پر مٹی ڈلوانے کی بھی منظوری دی جس پر 90لاکھ روپے خرچ ہوں گے . کمشنر نے ڈپٹی کمشنر راجن پو ر ، ڈائریکٹر کالجز اور دیگر ا فسران کو ہدایت کی کہ وہ موقع کا معائنہ کر کے رپورٹ پیش کریں . اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اللہ رکھا انجم ، اشفاق احمد ،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر حسین چانڈیہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سہیل روف اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس وسیم اختر جتوئی ، ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس سرفراز مگسی ، ایس ای پبلک ہیلتھ ملک محمد نواز ، ایگزیکٹو انجینئرز ہمایوں مسرور ، بابر یزدانی ، شریف شاہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملک خلیل الرحمن ، ایم ڈی کیٹل منیجمنٹ کمپنی محمد یونس کھتران سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے .