ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور ورکن قومی اسمبلی سردار محمد اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال فورٹ منرو اور واٹر سپلائی کا منصوبہ جلدمکمل کیا جائے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے اقدامات کیے جائیں. ارکان اسمبلی کے حلقوں میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر کے انہیں 30جون سے پہلے مکمل کیاجائے تاکہ مختص شدہ فنڈز واپس نہ ہو ں. انہوں نے یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان کے کمیٹی روم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں. اجلا س میں ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم،ڈی پی او چودھری سجاد حسین گجر ، ممبر قومی اسمبلی بیگم شہناز سلیم ، ارکان صوبائی اسمبلی سردار جاوید اختر لنڈ ، ممتاز قیصرانی ، بیگم نجمہ ارشد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد اقبال مظہر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالشکور ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ محمد سرفراز مگسی ، تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر خالد محمود گوپانگ ، عبدالجبار ، عبدالغفار ، پولیٹیکل اسسٹنٹ بابر بشیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ، ایکسیئن بلڈنگز ہمایوں مسرور ، ایکسیئن ہائی ویز منصور ارشد ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رمضان ، ایکسیئن پبلک ہیلتھ باقر گردیزی، ایکسیئن میپکو فرقان زکریا ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سہیل روف ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف رانا شہباز ، ڈی ایم او غلام یاسین کے علاوہ چیئرمین ضلع کونسل سردار عبدالقادر کھوسہ ، میئر میونسپل کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ نے شرکت کی . سردار اویس احمد خان لغاری نے کہاکہ افسران منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے افراد ی قوت بڑھانے کے ساتھ ساتھ موثر مانیٹرنگ کریں اور کسی بھی تعمیراتی کمپنی کی طرف سے تاخیری حربوں پر کارروائی کی جائے.انہوں نے کہاکہ میپکو ارکان اسمبلی کے باقی منصوبوں کو 15جون سے پہلے مکمل کرے . ا جلاس کے دوران محکمہ پراونشل بلڈنگز ، ہائی ویز ، انہار ، لوکل گورنمنٹ ، پبلک ہیلتھ اور میپکو کی مختلف ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیاگیا.بتایاگیا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17کے تحت ہائر ایجوکیشن ، سپورٹس ، صحت ، پولیس اور دیگر مختلف محکموں کی 12نئی سکیموں پر کام شروع کر دیاگیاہے جس پر تین ارب ایک کروڑ 45لاکھ روپے خرچ ہوں گے. ایس ڈی جیز پروگرام فیز فسٹ 2016-17کی محکمہ لوکل گورنمنٹ کی 67، پبلک ہیلتھ او رہائی ویز کی پانچ ، پانچ او رمیپکو کی 121سکیموں پر کام شروع کرنے کیلئے ورک آرڈر جاری کر کے کام کاآغاز کر دیاگیاہے. ان منصوبوں پر مجموعی طو رپر 46کروڑ 45لاکھ روپے خرچ ہو ں گے . حلقہ پی پی 240، 244اور این اے 171میں چیف منسٹر سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج 2016-17کے تحت نالی سولنگ ، ٹف ٹائلز ، سڑکوں او رفراہمی و نکاسی آب کی 26سکیموں پر کام شروع کر دیاگیا ہے جن پر 17کروڑ 50لاکھ روپے خرچ ہوں گے اور یہ سکیمیں 15جون سے پہلے مکمل کر لی جائیں گی . حلقہ این اے 171, 172,173میں بجلی کی فراہمی کی فیز ایک تا پانچ کی 436میں سے 353سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں باقی 20جون تک مکمل کر لی جائیں گی جن پر 37کروڑ 15لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں . اجلاس میں ضلع میں امن وامان کی صورتحال اور گندم خریداری مہم کا بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا. ڈی پی او چودھری سجاد حسین گجر نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے . ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے بتایا کہ ضلع میں گندم کی خریداری حکومتی پالیسی کے مطابق شفاف طریقے سے جاری ہے . تمام خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے او رکسی بھی شکایت کے ازالہ کیلئے سنٹروں پر فوکل پرسن معاملات کو حل کر رہے ہیں .