ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)شعرا کرام ، ا دیب او رلکھاری اپنے قلم کی طاقت سے پر امن معاشرے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں شعرو ادب سے وابستہ افراد او ر فنکاروں کی ہرممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی . یہ بات ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد فرقان عباس حیدر نے سرائیکی ادب کے معروف شاعر عزیز شاہد کی قیادت میں ملاقات کرنے والے مقامی شعراء قاسم سہانی اور محمد اسلم کلاچی سے کہی . انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا یہ خطہ تہذیب و ثقافت کے حوالے سے خاص پہچان رکھتا ہے جس کی وجہ سے سرائیکی ادب میں عزیز شاہد کو منفرد مقام حاصل ہے. انہوں نے کہاکہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے خاتمہ اور باہمی رواداری کے فروغ کیلئے ثقافتی قدروں کو مضبوط کرنا ہو گا . شعرا کرام اپنے کلام و تحریر وں کے ذریعے محبت کو فروغ دیں اور نوجوان نسل میں وطن سے محبت کا جذبہ اجاگر کریں .محمد فرقان عباس حیدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں شعراء کرام پر پہلے سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمہ ، امن و بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کیلئے کام کریں. آج کا نوجوان اقبال کے نظریات پر عمل کر کے پاکستان کی تعمیر میں بھر پور حصہ لے سکتا ہے . نوجوان شعراء کرام اور لکھاریوں کے مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد فرقان عباس حیدر نے کہاکہ اس سلسلے میں ہر فورم پر بات کی جائے گی. اس موقع پر نوجوان شاعر قاسم سہانی نے ڈائریکٹر تعلقات عامہ کو اپنا تازہ سرائیکی مجموعہ کلام پیش کیا .