ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اللہ رکھا انجم نے ڈیرہ غازیخان او رراجن پور اضلاع کے مراکز صحت اور ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا . ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کے توسیعی منصوبے میں نصب غیر معیاری دروازے اپنے ہاتھوں سے توڑتے ہوئے متعلقہ افسران پر سخت برہمی کا اظہار کیا . زیر تعمیرچھت پر چڑھ کر سیمنٹ ، سریے اور کنکریٹ کی گہرائی خود چیک کی . کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی زیر تعمیر عمارت میں استعمال ہونے والی ناقص اینٹیں موقع سے فوری طو رپر اٹھانے کے بھی احکامات جاری کیے . لیہ کے ہسپتالوں میں مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں میں مٹیریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا. روش ترک نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کوآئندہ ترقیاتی سکیموں کیلئے بلیک لسٹ کردیاجائے. افسران کی ملی بھگت کی تصدیق ہونے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی. انہوں نے کہاکہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے اچانک معائنہ کا سلسلہ جاری رکھیں گے . علاوہ ازیں لیہ کے ہسپتالوں میں فراہم سہولیات کا جائزہ لیا. کمشنر نے ضلع لیہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور ضروری احکامات جاری کیے. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لیہ واجد علی شاہ ، اے ڈی سی فنانس سرفراز مگسی ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عتیق الرحمن چشتی ، سپرنٹنڈنگ انجینئرشفاقت حسین اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے .