ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ آکسفورڈ سمیت بیرون ملک کے اعلی تعلیمی ادارے پاکستان میں اپنے کیمپس قائم کریں گے . معاہدہ کو جلد حتمی شکل دی جائے گی. پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے وسائل سے محروم طبقہ کوملک اور بیرون ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں علم کی روشنی دی جا رہی ہے . اس سال صوبہ کے ہونہار طلباؤطالبات میں مزید ایک لاکھ 75ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں اور سال کے آخر تک مستفید ہونے والے طلباؤطالبات کی تعداد ساڑھے چار لاکھ تک ہو جائے گی اور طلبہ میں جدید آئی 7کمپیوٹر زتقسیم کیے جا رہے ہیں جو ابھی مارکیٹ میں متعارف ہوئے ہیں . انہوں نے یہ بات ڈی جی خان آرٹس کونسل میں ڈویژن کے منتخب طلباؤطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کہاکہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری اور گوادر کی تکمیل سے پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو جائے گا تاہم ملک اور بیرون ملک میں موجود قوتیں اس پروجیکٹ کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھ سکتیں. سی پیک کسی ایک جماعت کا نہیں پاکستان کا منصوبہ ہے . انہوں نے کہاکہ سی پیک اور گوادر کی تکمیل سے ملک اور بیرون ملک سے لوگ سرمایہ کاری کیلئے یہاں کا رخ کریں گے اور روپے کی قدر میں بے پناہ اضافہ ہو گاجو ہمسایہ ممالک کو ہضم نہیں ہو رہا. صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہاکہ حکومت پنجاب کوشش کر رہی ہے کہ لیپ ٹاپ کمپیوٹر ز کی پیداوار یہاں شروع کی جائے تاکہ روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں . انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم اور قلم کی طاقت سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے . شارٹ کٹ کی بجائے محنت اور مستقل مزاجی سے کام کیا جائے . انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ہونہار طلباؤطالبات میں میرٹ پر پیف سکالرشپ اور لیپ ٹاپ کمپیوٹرز د یئے جا رہے ہیں . رکن صوبائی اسمبلی بیگم نجمہ ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب لاہو رکے مساوی جنوبی پنجاب بالخصوص ڈیرہ غازیخان میں تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے . تقریب سے پیف سکالر شپ ہولڈرزرافع علی اور انعم اسماعیل نے خاندان کے معاشی حالات کی روداد سناتے ہوئے شرکاء کو آبدیدہ کر دیاتاہم وزیر اعلی پنجاب کے پیف اقدامات کے ذریعے اعلی تعلیم کے خواب کو عملی تعبیر دینے کے اقدامات کو شرکاء نے تالیوں کے ذریعے سراہا . سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر جاوید احسن نے انجام دیئے نعت اور تلاوت کلام پاک کی سعادت عبدالغفار اور محمد شان نے حاصل کی . تقریب میں کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ ، ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم ، ڈی پی او چودھری سجاد حسین گجر ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تنویر جبار ، مسلم لیگ ن کے صدر و مشیر وزیرا علی پنجاب میر مرزا خان تالپو ر، میئر ڈی جی خان کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ ، ڈائریکٹر کالجز راؤ افضال سمیت ڈویژن بھر کے منتخب تعلیمی اداروں کے سربراہان ، اساتذہ ، طلباؤطالبات ، والدین اور منتخب نمائندے موجودتھے. تقریب میں ڈویژن سے تعلق رکھنے والے بشری شہزادی ، ماہ نور فاطمہ بخاری ، رضوانہ شاہین ، جہانزیب عثمان ، محمد عمران ، ارم اسحاق ، لبنی ملازم ، سمیرا ستار ، جویریہ اجمل ، فریحہ بانو ، رابعہ افضل ، عروسہ عباس ، فاریہ رانی ، صوبیہ ذوالفقار ، سدرہ کنول ، افشاں گلزار ، رخسانہ بی بی ، شبانہ گل ، طاہرہ نذر ، ارسلان باسط ، کمیل اعجاز ، ثمر علی ، محمد حسن ، منہاج فاطمہ خان ، دانیہ مظہر ، قاسم علی ، واجد علی ، رمشاء طاہر ، ہما زہرا و دیگر میں لیپ ٹاپ کمپیوٹر تقسیم کیے گئے
.قبل ازیں تقریب میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سکالر شپ ہولڈرطلباؤطالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا .