ڈیرہ غازی خان( صبح پا کستان )میونسپل کارپوریشن کی حدود میں قائم بوسیدہ عمارتوں کا سروے مکمل کرکے ان کے مالکان کو عمارتیں رضاکارانہ طور پر ہٹانے کے نوٹسز جاری کرنے کا فیصلہ ،نوٹس پر عملدرآمد نہ کرنے والے بلڈنگ مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی،میئر ڈی جی خان کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ۔
مزید تفصیلات کے مطابق میئر میونسپل کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ کی زیر صدارت کارپوریشن آفیسران کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں میئر ڈی جی خان نے متعلقہ شعبہ جات کے آفیسران کو ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں قائم ایسی تمام عمارتوں کا جلد از جلد سروے مکمل کیا جائے کہ جو عمارتیں بوسیدہ ہو کر گرنے کے در پے ہیں ،میئر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ بوسیدہ عمارتوں کے وجود میں رہنے سے نہایت زیادہ اہم ہے، لہذا کسی بھی نا خوشگوار حادثے کے رونما ہونے سے قبل ہی ایسی عمارتیں کہ جو انسانی جانوں کیلئے خطرے کی گھنٹیاں بجارہی ہیں انہیں فی الفور ہٹا دیا جائے،میئر ڈی جی خان شاہدحمید چانڈیہ نے اس ٹاسک کی تکمیل کیلئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن چوہدری محمد اسلم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے یہ کمیٹی فوری طورپر میونسپل کارپوریشن کی حددود میں آنے والی تمام بوسیدہ اور خطرناک عمارتوں کا سروے مکمل کرکے ان کے مالکان کو تحریری طورپر نوٹسز جاری کرے گی جس میں ان عمارتوں کے مالکان سے رضاکارانہ طورپر اپنی بوسیدہ اور خطرناک عمارتیں ہٹانے کا کہا جائے گا،نوٹس پر عملدرآمد نہ کرنے والے افراد کے خلاف بمطابق قانونی کاروائی عمل میں لائے جانے کے ساتھ ساتھ خطرناک قرار دی جانے والی عمارتوں کو گرادیا جائے گا۔