ڈیرہ غازی خان ( صبح پا کستان)اتائی ڈسپنسر کی مبینہ غفلت سے سات سالہ بچہ جاں بحق ،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا
نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے،ای ڈی او ہیلتھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ مبارک کے علاقہ یارو کھوسہ رہائشی ماہی وال ٹنڈوانی کے سات سالہ بیٹے محمد حسن کو بخار ہوا تو اسے علاقہ کیلئے قریبی ڈاکٹر ارشد ممتاز کے کلینک پر لایا گیا تو وہاں پر ڈاکٹر مذکور موجود نہ تھے تاہم کلینک پر موجود ڈسپنسر محمد رمضان نے سات سالہ حسن کو بخار کیلئے جونہی ٹیکہ لگایا تو اس کی حالت غیر ہو گئی اور وہ تڑپنے لگا اور کچھ دیر بعد ہی جاں بحق ہو گیا جس پر ورثاء نے ڈسپنسر محمد رمضان کی مبینہ غفلت سے بچے کی ہلاکت پر احتجاج کرتے ہوئے اس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ کوٹ مبارک نے موقع پر پہنچ گئی او رمقدمہ نمبر 104/17بجرم 322 کے تحت بچے کے چچا محمد جمال ٹنڈوانی کی مدعت میں درج کر لیا بعد ازاں بچے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا اور کاروائی شروع کردی اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر ای ڈی او ہیلتھ صحت ڈاکٹر منور عباس نے کہا کہ مذکورہ واقعہ کے خلاف محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے پر غفلت کے مرتکب اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔