ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں پانچ شعبوں کی بہتری کیلئے ایک ارب 56کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کر د یئے گئے ہیں . فنڈز رواں مالی سال کیلئے مختص کیے گئے . وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے وزیر اعظم کے قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت بجلی، گیس ، سوشل ، میونسپل اور انفراسٹرکچر سیکٹر سے عوام کی تجویز کردہ سکیمیں اراکین اسمبلی کی معاونت سے طلب کر لی گئی ہیں اور ہرحلقہ کیلئے علیحدہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں . نئے سکول کے قیام ، تعلیمی اداروں اور مراکز صحت کی اپ گریڈیشن وبنیادی سہولیات کی فراہمی ، واٹر سپلائی ، کھیت سے مارکیٹ تک روڈز اور دیگر ترقیاتی منصوبے تجویز کیے جا سکیں گے او رایک سکیم پانچ لاکھ سے تین کروڑ روپے مالیت کی حامل ہو سکتی ہے . تجویز کردہ سکیموں کی منظوری ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی جائے گی . یہ بات کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن کی زیر صدارت اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی . کمشنر محمد یثرب نے کہاکہ پرائم منسٹر گلوبل ایس ڈی جیز پروگرام کا مقصد پہلے سے موجود سکیموں کی مرمت و بحالی اور اپ گریڈ کرنا ہے. تجویز کردہ سکیم کے ساتھ عوام کے قومی شناختی کارڈز کی کاپیاں منسلک کرنا ہوں گی . اس سلسلے میں اراکین اسمبلی جلد سکیمیں منظوری کیلئے بھجوائیں . اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی سردار خان محمد خان جتوئی ، حماد نواز ٹیپو ، ذیشان خان گورمانی ، میاں علمدار حسین قریشی ، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور ، ایڈیشنل کمشنر کوآرینیشن اظفر ضیاء ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ انعم حفیظ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس وسیم اختر جتوئی ، سپرنٹنڈنگ انجینئرز جاوید بشیر ، خالد بخاری ، عطااللہ سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے