ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان).صوبائی وزیر ہاوسنگ اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان ساوتھ ایشیاء کے اہم ترین ممالک میں شامل ہو جائے گا اور ہر شہری کا رہن سہن بہتر ہونے کے ساتھ گاڑی اور گھر کی چھت کی نعمت میسر ہو گی . تین سال کے اندر ہر فرد کو روزگار ملے گا اور پاکستان کا کوئی بھی شہری بے روزگار نہیں رہے گا . نوجوان تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں . فنی تعلیم اور چینی زبان سیکھنے کو ترجیح دی جائے. انہوں نے یہ بات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیر ہ غازیخان میں تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی . صوبائی وزیر نے کہاکہ2025تک پاکستان ترقی کی منازل طے کر چکا ہو گا . مسلم لیگ ن کی زیر قیادت ملک کی ترقی کا سفر جاری ہے . صوبائی وزیر نے کہاکہ طلباؤطالبا ت محنت کو شعار بنائیں . انٹر میڈیٹ کا امتحان پاس کرنے والے طلبہ نے مستقبل میں عملی قدم رکھ دیا ہے . سوچ سمجھ کر شعبے منتخب کیے جائیں . مثبت مسابقت کی فضا قائم ہونی چاہیئے. رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے ذریعے قومیں ترقی کرتی ہیں محنت کا سلسلہ جاری رکھا جائے . ڈیرہ غازیخان سی پیک کے روٹ میں شامل ہے چند سالوں کے اندر علاقہ میں ترقی اور انٹر میڈیٹ پاس ہونے والوں کیلئے 20ہزار سے زائد ملازمتیں میسر آئیں گی . چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کی وجہ سے محنت کا ثمر مل رہا ہے . پیپر کی سیٹنگ ، ترسیل اور مارکنگ دیگر بورڈ کے ذریعے کرائی جاتی ہے پوزیشن کے اعلان تک چیئرمین سمیت بورڈ کے کسی بھی اہلکار کو پتہ نہیں ہوتا . میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھا جاتا ہے . انہوں نے کہاکہ بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو چار لاکھ روپے ، دوسری پوزیشن پر تین لاکھ اور تیسری پوزیشن پر دو لاکھ روپے نقد انعام کے ساتھ حکومت پنجاب پیف سکالر شپ اور ملکی و بین الاقوامی اداروں میں تعلیمی اخراجات برداشت کر رہی ہے . کنٹرولر بورڈ چودھری مشتاق علی نے انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2017کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ 39996امیدواروں نے داخلہ لیاتاہم 39507شریک امیدواروں میں سے 27107امیدوار پاس ہوئے اور شرح کامیابی 68.77فیصد رہی . امتحان میں نقل اور دیگر غیر قانونی ذرائع کے استعمال کے آٹھ کیس رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے ایک کو سزا ، دو بری اور پانچ کیسز زیر سماعت ہیں . انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2017کیلئے 130سنٹرز اور پریکٹیکلز کیلئے 238سنٹرز قائم کیے گئے تھے . تقریب سے پروفیسر منور حسین جتوئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا . اس موقع پر سیکرٹری بورڈ راؤ شاہد محمود سمیت بورڈ کے دیگر افسران اور ڈویژن کے منتخب تعلیمی اداروں کے سربراہان ، اساتذہ ، طلباؤ طالبات اور والدین موجود تھے . دریں اثنا پوزیشن ہولڈرز طلباؤطالبات میں میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے .